منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی غلط روایات سے گریز کریں:اشوک گہلوت

0

جے پور:راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے تمام سیاسی پارٹیوں کے اراکین اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوریت کو بچانے اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی غلط روایات سے گریز کریں۔
گہلوت نے ریاست کے تمام ایم ایل اے کے نام پر جاری کی جانے والی اپیل میں کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے قیام کے پچھلے ڈیڑھ سال میں ،ریاستی حکومت نے ریاست کی ترقی اور معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حساس ،شفاف اورجوابدہ انتظامیہ،تعلیم کی ترقی،اعلی تعلیم ،طب،بجلی،پانی،سڑکیں اور سہولیات کے ساتھ ساتھ پنچایت سمیتی اور سب ڈویژن سطح پر بھی قابل ذکر فیصلے کیے جن کی ہر جگہ تعریف کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا جیسی عالمگیر وبا نے اچانک صورتحال کو مزید خراب کردیا۔ کورونا کی ہولناکی اوراس کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے،ہم نے تمام سیاسی پارٹیوں،ڈاکٹروں،مذہبی رہنماؤں،رضاکار تنظیموں،سماجی کارکنوں،کاروباری افراد،پنچایت راج کے نمائندوں،پولیس،انتظامیہ،ریاستی ملازمین اورعوام کے نمائندوں کو ساتھ لے شاندار انتظام کیا،جس کی قومی سطح پر ستائش کی گئی۔
 گہلوت نے کہا کہ ایسے حالات میں بھی ہمارے کچھ ساتھی اوراپوزیشن کے کچھ رہنما ہماری جمہوری طورپرمنتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 96-1993  کے دوران،ممبران اسمبلی کی خرید فروخت کرکے بھیروسنگھ جی شیکھاوت کی حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس وقت،میں نے ، مرکزی وزیر مملکت اور ریاستی کانگریس کے صدر کی حیثیت سے،اس وقت کے گورنربلی رام بھگت اور وزیراعظم نرسمہا راؤ سے ملے اوراحتجاج کیا کہ منتخب حکومت کو گرانا جمہوری اقدار کے منافی ہے اور میں اسے ایک سیاسی گناہ کے زمرے میں رکھتا ہوں۔
 گہلوت نے کہا کہ اس وقت ریاست کے عوام میں اس سازش میں شامل عوامی نمائندوں کے خلاف شدید ناراضگی ہے۔ انہوں نے اپیل میں ارکان اسمبلی سے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لئے ،ہم پرعوامی اعتماد برقرار رکھنے اور غلط روایات سے بچنے کے لئے، آپ کو عوام کی آواز سننی چاہئے۔ چاہے آپ کسی بھی سیاسی پارٹی کے ایم ایل اے ہیں ،آپ کو اپنے ساتھیوں ،کنبہ کے افراد اور اپنے علاقے کے ووٹروں کے جذبات کو سمجھنے کا فیصلہ کرنا چاہئے تاکہ یہ یقینی بنائیں کہ راجستھان ریاست کے مفادات کے لئے عوام کی طرف سے منتخب کردہ اکثریتی حکومت طاقت کے ساتھ کام کرتی رہے اور حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے منصوبے کامیاب نہ ہوسکیں۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS