آسٹریلیا کے عظیم کرکٹر شین وارن نہیں رہے

0

سڈنی (ایجنسیاں) : آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شین وارن کی انتظامیہ نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ وہ تھائی لینڈ کے کوہ ساموئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ان کی اچانک موت سے کھیل کی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وہ اسپین کے جادوگر تھے اور اپنے وقت کے دنیا کے بہترین گیندبازوں میں ایک مانے جاتے تھے۔ ان کے نام کئی ریکارڈ درج ہیں۔ ان کی موت کے تعلق سے بیان میں کہا گیا کہ شین وارن اپنے ولا میں بے جان پائے گئے اور طبی عملے کی بہترین کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔وارن انتظامیہ نے مزید کہا کہ ان کے خاندان نے اس وقت رازداری کی درخواست کی ہے اور مناسب وقت پر مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔وہ 700 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے بالر تھے۔انہوں نے 194 ون ڈے میچز میں 293 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں۔شین وارن نے اپنی آخری ٹوئیٹ میں گزشتہ روز ایک اور آسٹریلوی کرکٹر روڈنی مارش کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS