آسٹریلیا اور انگلینڈ کا میچ بارش کی نذر

0

ملبورن (یو این آئی) : ملبورن میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ جمعہ کو بغیر گیند پھینکے منسوخ کر دیا گیا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ بانٹنا پڑا۔
میچ جمعہ کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہونا تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے گراؤنڈ بہت گیلا ہو گیا۔ بارش رکی تو گراؤنڈ کے عملے نے گراؤنڈ کو کھیلنے کے قابل بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ اس دوران امپائرز کرس براؤن اور جوئل ولسن نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن بارش ایک بار پھر دیوار بن کر کھڑی ہوگئی جس کے نتیجے میں دونوں امپائروں کو میچ منسوخ کرنے کا سخت فیصلہ کرنا پڑا۔
اس میچ کے بعد انگلینڈ تین میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا اتنے ہی میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ انگلینڈ کو شکست دینے والی آئرلینڈ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ تینوں ٹیموں کو اب سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے سخت پسینہ بہانا پڑے گا جب کہ دو میچوں سے تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود نیوزی لینڈ کی پوزیشن فی الحال نسبتاً بہتر ہے ۔
اسی گروپ میں اس سے پہلے اسی گراؤنڈ پر آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان صبح کے سیشن میں ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔
اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر اس وقت شکست سے شروع ہوا جب اسے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 89 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ میزبان ٹیم نے بعد میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کی۔ دوسری جانب انگلینڈ نے اپنی مہم کا آغاز افغانستان کے خلاف پانچ وکٹوں کی زبردست جیت کے ساتھ کیا لیکن بعد میں اسے کمزور سمجھے جانے والے آئرلینڈ کے ہاتھوں پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS