ہجومی تشددکاسلسلہ جاری، اب تبلیغی جماعت کے ارکان کو بنایا نشانہ

    0

    اورنگ آباد (یو این آئی)
     ملک کے مختلف علاقوں میں مسلمانوں کے ساتھ ہو رہے ظلم و ستم اور ہجومی تشدد اور زدوکوب کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں، کچھ دن گزرتے نہیں ہیں کہ اس طرح کے ہجومی تشدد کے ذریعے سے مسلمانوں کو ہلاک کرنے یا شدید زخمی کرنے کے کسی نہ کسی نئے واقعہ کی اطلاع آجاتی ہے۔اسی طرح کے ایک معاملے میں اب علاقہ مراٹھواڑا کے بیڑ ضلع میں شرپسندوں فرقہ پرست عناصر نے مسلمانوں پر منظم حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بیڑ ضلع کے تعلقے دھارور سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے افراد کو 16ستمبر کی رات میں فرقہ پرست غنڈوں نے اپنے تشدد کا نشانہ بنا کر انھیں جان سے مارنے کی کوشش کی اور انھیں شدیدزخمی کر کے فرار ہو گئے۔ بیڑ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش پوتدار نے اس ضمن میں آج ایجنسی کو بتایا کہ اس معاملے میں کل رات 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے علاوہ مزید 3افراد کی شناخت کی گئی اور ان کی گرفتاری کیلئے سرچ ٹیم بنائی گئی ہے۔ جلد ہی انھیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق دھارور کے تبلیغی جماعت کے امیر اور ان کے کچھ ساتھی ایک جنازہ میںشرکت کیلئے رات میں دھارور سے امبا جوگائی جا رہے تھے ، راستے میں کج امبا جوگائی روڈ پر ان کی کار خراب ہو گئی،جس کے سبب وہ لوگ راستے میں رُک کر کار کا جائزہ لینے لگے ، کار کے ریڈیٹر میں پانی ختم ہونے سے دھواں نکل رہا تھا، اس لیے 2 لوگ پانی لانے کیلئے گئے ، اسی دوران وہاں موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد آپہنچے اور انھوں نے آتے ہی وہاں موجود قاضی نظام الدین اور ان کے دوسرے ساتھی سے گالی گلوچ کی اور ’مارو لونڈوں کو‘ کہہ کر اپنے دوسرے ساتھیوں کو فون کرکے بلایا، فون کرنے پر فوراًقریب سے2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6لوگ وہاں پہنچ گئے اور ڈنڈوں اور راستے پر پڑے ہوئے پتھروں سے ان کے سروں پر مار کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا۔
    واضح رہے کہ مہاراشٹر میں مسلمانوں کی تضحیک اور توہین کرنے کیلئے ’لونڈے‘لفظ کا استعمال فرقہ پرستوں کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ غنڈوں کے ذریعے شدید زدوکوب اور تشدد کے نتیجے میں قاضی نظام الدین اور سہیل تمبولی کے بے ہوش ہوکر گرنے کے بعد وہ’ چلو یہاں سے یہ مرگئے‘ کہہ کر  فرارہوگئے۔زخمیوں کو بیڑ کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں پتھر سے سروں پر حملہ کرنے سے ان کے سروں میں 8، 10 ٹانکے لگانے پڑے۔ قاضی نظام الدین کی شکایت پر یوسف وڈگاؤں پولیس اسٹیشن میں تعزات ہند کی دفعہ 07،324، 323،147،148، 427،149، اور 504کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔معاملے کی نزاکت اور سنجیدگی کے مدنظر بیڑ ضلع ایس پی ہرش پوتدار یوسف وڈ گاؤں پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ اور خاطیوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا۔ آج اطلاع کے مطابق پولیس نے اس معاملے سے جڑے 2 افرد کو گرفتار کرلیا ہے اور ایک دوسرے ملزم کی تلاش میں لاتور روانہ ہوئی ہے۔ اس واقعہ کے خلاف عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے اور اب تک بیڑ ، امبا جوگائی اور دھارور میں ضلع کلکٹر کو محضر پیش کیے جا چکے ہیں۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS