میں ہندو ہوں لیکن ہندوتووادی نہیں

0

راجستھان میں کانگریس کی مہنگائی کے خلاف مہاریلی میں راہل گاندھی نے مودی سرکار کوجم کر بنایا نشانہ
جے پور (یو این آئی) : کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کو ہندو اور ناتھو رام گوڈسے کو ہندوتووادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو تباہ کرنے والے ہندوتووادیوں کو اقتدار سے باہر نکالنا ہوگا ۔ آج جے پور میں ’مہنگائی ہٹاؤ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر راہل گاندھی نے ہندو اور ہندوتوا کے درمیان فرق بتاتے ہوئے کہا کہ دو زندگیوں کی ایک روح نہیں ہوسکتی۔ اسی طرح 2 الفاظ کا ایک مطلب نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کبھی ڈرتا نہیں ہے، شیو کا زہربھی پی لیتا ہے، جبکہ ہندوتوا ڈر جاتا ہے اور ڈر کے سامنے جھک جاتا ہے۔ ہندوکے دل میں محبت ہوتی ہے، جبکہ ہندوتوا کے دل میں نفرت۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہندوؤں کا ہے، ہندوتووادیوں کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ہندو ہوں، لیکن ہندوتووادی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی سمیت تمام مسائل کی ذمہ دار ہندوتواوادیوں کی حکومت ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوتووادی اقتدار کیلئے کسی کو بھی مارکاٹ سکتا ہے۔ اس کا راستہ ’ستاگرہ‘ ہے، ’ستیہ گرہ‘ نہیں۔ ہندو سچائی کی راہ پر چلتا ہے،مہاتما گاندھی بھی سچائی کا راستہ تلاش کرتے رہے،جن کے سینے پر ہندوتووادی گوڈسے نے تین گولیاں چلائیں۔انہوں نے کہا کہ رامائن، مہابھارت میں کہیں بھی غریب کو مارنے یا کمزوروں کو دبانے کے بارے میں نہیں لکھا گیا۔گیتا میں بھی شری کرشنا نے ارجن سے اپنے بھائیوں کو اقتدار کیلئے مارنے کیلئے نہیں کہا، بلکہ سچائی کیلئے لڑنے کی بات کہی تھی۔ کسانوں کی تحریک کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ ہندوتوادی مودی نے کسانوں کی ’ پیٹھ پر چھرا‘ مارا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کبھی بھی کسی کے پیٹھ پر چھرا نہیں مارے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم 700شہید کسانوں کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرنا چاہتے تھے، جس کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ ان کے پاس شہید کسانوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں، اس لیے وہ کسانوں کو کس بنیاد پر معاوضہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 400 شہید کسانوں کی فیملی کو 5-5 لاکھ روپے دیئے اور 152کو روزگار ۔ باقی کنبوں کو بھی روزگار دینے جارہے ہیں۔کورونا دور کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے تھالی بجاؤ ، لائٹ جلاؤ کا نعرہ دے کر لوگوں کو مرنے کیلئے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بیروزگاری 60سال میں سب سے زیادہ ہے، کیونکہ چھوٹے دکاندار اور روزگار دینے والی چھوٹی صنعتیں ختم کر دی گئی ہیں۔ مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے گیس سلنڈر کی قیمت میں 117فیصد کا اضافہ کردیا اور پٹرول کی قیمت 70روپے سے بڑھا کر 100روپے، ڈیزل کی قیمت 60سے 90 روپے، چینی 30سے 50روپے ، آٹا 15 سے 30اور دال 70سے 130روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’اچھے دن‘کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب لگتا ہے کہ یہ صرف ’ہم دو ہمارے دو‘کیلئے ہی کہا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS