نئی دہلی، (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور کے انتخابی شیڈول کا ہفتہ کے روز اعلان کیا جس کے مطابق ان تمام ریاستوں میں انتخابی پروگرام سات مرحلوں میں مکمل کیے جائیں گے۔
اتر پردیش میں سات مراحل میں، منی پور میں دو مرحلوں اور اتراکھنڈ، پنجاب اور گوا میں ایک مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 10 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ پانچ ریاستوں میں کل 690 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابی نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو گیا ہے۔ انتخابات کے دوران کووڈ کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
اتر پردیش کی 403 سیٹوں، پنجاب کی 117، اتراکھنڈ کی 70، منی پور کی 60 اور گوا کی 40 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر انتخابی ریلیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ صرف ورچوئل ریلیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق اس بار خواتین ووٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
پانچ ریاستوں کےانتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے کہا کہ ضلعی انتخابی افسر اور کمیشن کے نگران انتخابی ریلیوں پر پابندی اور دیگر ہدایات کی تعمیل پر کڑی نظر رکھیں گے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ووٹروں سے پورے جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشن کووڈ کے لحاظ سے محفوظ ہیں اور تمام انتخابی عملے کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ کووڈ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس بار پولنگ اسٹیشنوں کی کل تعداد میں 16 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دو لاکھ 15 ہزار سے زائد پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور ہر بوتھ پر ووٹروں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ڈیڑھ ہزار سے کم ہو کر 1200 رہ گئی ہے۔ اس بار ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیاہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اتر پردیش میں 10 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کا نوٹیفکیشن 14 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 21 جنوری تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 24 جنوری کو ہوگی اور 27 جنوری تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں اتر پردیش کے ساتھ ساتھ پنجاب، اتراکھنڈ اور گوا میں 14 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے کی پولنگ صرف اتر پردیش میں 20 فروری کو ہوگی، جب کہ چوتھے مرحلے کی ووٹنگ صرف اتر پردیش میں 23 فروری کو ہوگی۔ پانچویں مرحلے میں اتر پردیش کے ساتھ منی پور میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ 27 فروری کو ہوگی۔ چھٹے مرحلے میں اتر پردیش کے ساتھ منی پور کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ اتر پردیش میں آخری اور ساتویں مرحلے کی ووٹنگ 7 مارچ کو ہوگی۔ تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ سال 2012 میں تمام ریاستوں میں تمام نو مراحل میں اور 2017 میں کل آٹھ مراحل میں انتخابات ہوئے تھے۔
مسٹر ششیل چندرا نے کہا کہ یہ جمہوریت کا تہوار ہے، جس میں رائے دہندگان کو پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو کامیاب بنانا سیاسی پارٹیوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی اہم ذمہ داری ہے۔