گوہاٹی: آسام میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گوہاٹی سمیت پورے کام روپ میٹروپولیٹن علاقہ میں 28 جون کی درمیانی رات سے 14 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر صحت ہیمنت بسوا شرما نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کی آدھی رات سے پورے کام روپ میٹروپولیٹن ضلع میں 14 دن کا مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ لاک ڈاؤن کے دوران ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ شرما نے کہا کہ ریاست میں شہری علاقوں میں سنیچر اور اتوار کو ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپویشنوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقے ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے دائرہ کار میں آئیں گے اور آئندہ اطلاع تک جاری رہے گا۔
آسام شمال مشرق میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں سے ایک ہے۔ یہاں کورونا کے 6646 کیسز ہیں۔ ریاست میں نو افراد وبا سے ہلاک ہو گئے ہیں ۔ مجموعی متاثرین میں سے 4033 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں، جبکہ 2601 ایکٹو کیسز ہیں۔