جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے منجاکوٹ سیکٹر میں پاکستان کی مبینہ فائرنگ میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع راجوری میں ایل او سی کے منجاکوٹ سیکٹر پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس میں سرحد کے اس پار فوج کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک فوجی کی شناخت 14 پنجاب رجمنٹ سے وابستہ نائیک گرچرن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
گولہ باری کے نتیجے میں راجدھانی نامی گائوں میں فیض عالم نامی ایک پولیس اہلکار، جو چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا، بھی زخمی ہوا ہے۔ زخمی فیض کو پہلے پبلک ہیلتھ سینٹر منجاکوٹ اور پھر وہاں سے ڈاکٹروں کے مشورے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔
مقامی خبر رساں ایجنسی نے منجاکوٹ کے تحصیلدار چوہدری سگیر کے حوالے سے کہا ہے کہ گولہ باری کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے افسروں کی ایک ٹیم وہاں بھیجی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایل او سی ہو یا بین الاقوامی سرحد ہو طرفین کے درمیان روزانہ بنیادوں پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔
سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے ہونے اور گذشتہ کئی ماہ سے عالمی وبا کے قہر کے باوجود بھی طرفین کے درمیان سرحد پر نوک جھونک کی وجہ سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل ہوکے رہ گیا ہے۔