کشمیر میں کورونا وائرس متاثرہ 70 سالہ مریض کی شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز بمنہ میں انتقال ہو گیا۔ جموں و کشمیر میں اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شافیہ دیوا نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور کے لال بب صاحب علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک 70 سالہ وائرس متاثرہ مریض، جس کو دس روز قبل یہاں داخل کیا گیا تھا، کی جمعہ کے روز موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس ہسپتال میں کورونا وائرس کے 95 مریض زیر علاج ہیں۔
قبل ازیں ماہ رواں کی 8 تاریخ کو ضلع ادھم پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک 61 سالہ مریض کی گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں موت واقع ہوئی تھی جبکہ اس سے ایک دن پہلے یعنی 7 اپریل کو ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک 54 سالہ وائرس متاثرہ مریض کی شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں موت واقع ہوئی تھی۔
کشمیر میں وائرس متاثرہ مریض کی پہلی موت 25 مارچ کو درج ہوئی تھی جب سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدر پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک تبیلغی جماعت کے 54 سالہ کارکن کی ڈل گیٹ سری نگر میں واقع ہسپتال برائے امراض سینہ میں موت واقع ہوئی تھی اور بعد ازاں 29 مارچ کو اسی ہسپتال میں ضلع بارہمولہ کے ٹںگمرگ علاقے سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ وائرس متاثرہ مریض کی موت واقع ہوئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں وائرس متاثرہ مرنے والے پانچ مریضوں میں سے چار کشمیر سے جبکہ ایک کا تعلق جموں سے ہے۔