عشق میں پاکستان پہنچنے والی انجو جلد لوٹے گی ہندوستان، ویڈیو میں بتائی وجہ

0

نئی دہلی: سیما حیدر کی طرح اپنی محبت کے لیے سرحد پار کرنے والی انجو جلد بھارت واپس آنے والی ہیں۔ راجستھان کی رہائشی انجو اس وقت سرخیوں میں آئی جب وہ اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر اپنے عاشق نصراللہ سے ملنے پاکستان چلی گئی۔ اب خبر یہ ہے کہ اپنے فیس بک دوست نصر اللہ سے شادی کرنے کے لیے سرحد عبور کر کے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ جانے والی انجو رواں ماہ اکتوبر کے آخر تک بھارت واپس آ سکتی ہیں۔ انجو نے خود میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے بھارت واپس آرہی ہیں اور اب ان کا اپنے شوہر سے کوئی رشتہ نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے بھیواڑی کی رہنے والی انجو نے واضح کیا ہے کہ وہ اب پاکستان سے ہندوستان واپس آنے والی ہیں۔ انجو کا کہنا ہے کہ ان کے پاکستانی ویزا کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ اس میں توسیع نہیں کرنا چاہتی۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ صرف اپنے بچوں کے لیے ہندوستان واپس آرہی ہیں اور یہاں پہنچ کر وہ ان تمام سوالوں کے جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے سوالات اور نصراللہ کے ساتھ تعلقات کے جوابات بھی دیں گی۔

دراصل، کچھ عرصہ قبل ایک پاکستانی میڈیا چینل میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ 34 سالہ انجو نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فاطمہ رکھ لیا اور خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے رہائشی 29 سالہ نصر اللہ سے شادی کر لی ہے۔

مزید پڑھیں: غزہ کے اسپتال پراسرائیل کا وحشیانہ حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے: جماعت اسلامی ہند

انجو اور نصراللہ کی پری ویڈنگ شوٹ کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انجو مذہب کی تبدیلی اور شادی کے بعد فاطمہ بن گئی تھی۔ تاہم، ابھی تک انجو کی جانب سے شادی کے حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS