نااہل‘ حکام کو باہر کا راستہ دکھانے کا وقت’

0

مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے آئی) میں کام کی سست رفتار سے کافی ناراض ہیں۔ گڈکری نے این ایچ اے آئی میںکام کرنے کی ’تاخیر‘ کی ثقافت پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ’نااہل‘ حکام کو باہر کا راستہ دکھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ پروجیکٹوں میں تاخیر کر رہے ہیں اور رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے آئی نااہل حکام کا ’مقام‘ بنا ہوا ہے جو رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ یہ حکام ہر ایک معاملہ کو کمیٹی کے پاس بھیج دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایسے حکام کو ’معطل‘ اور برخاست کیا جانا چاہیے اور کام کاج میں بہتری لائی جانی چاہیے۔ 
گڈکری نے دوارکا میں این ایچ اے آئی کی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ایک ورچوئل میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس عمارت کو بننے میں 9 سال لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں ایسے این پی اے ہیں جو کینچوے کی طرح بھی کام نہیں کر سکتے ہیں۔ یہاں انہیں رکھا جاتا ہے اور پروموٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اس طرح کی وراثت کو آگے بڑھانے والے حکام کے رویے پر مجھے شرم آتی ہے۔‘ 
این ایش اے آئی کی عمارت کی تعمیر میں تاخیر پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ’یہ حکام فیصلے لینے میں تاخیر کرتے ہیں اور مشکلیں پیدا کرتے ہیں۔ یہ چیف جنرل مینیجر (سی جی ایم)، جنرل مینیجر (جی ایم) سطح کے حکام ہیں جو برسوں سے یہاں جمے ہیں۔‘ 
 

’پروجیکٹوں سے علاقے کی سماجی و اقتصادی صورت حال میں بہتر ی کا امکان‘
 

سڑک ٹرانسپورٹ شاہراہوں اور ایم ایس ایم ایز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کل تریپورہ میں 2 ہزار 752 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے تقریباً 262 کلو میٹر کی مجموعی لمبائی والے قومی شاہراہو ں کے 9 پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب کی صدارت وزیراعلیٰ بپلب کمار دیو کریں گے جبکہ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر وی کے سنگھ، ریاست کے وزرا، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور مرکز اور ریاست کے سینئر افسران بھی موجود ہوں گے۔
مکمل ہونے پر یہ پروجیکٹ بین ریاستی تیز رفتار اور بنگلہ دیش کے بین الاقوامی کنکٹیویٹی فراہم کرائیں گے اور اس سے ریاست کے سیاحت کے شعبہ کو بھی زبردست فروغ ملے گا۔ نئے پرو جیکٹ بہتر کنکٹیویٹی اور پوری ریاست کے مختلف سیاحتی مقامات، تاریخی مقامات اور مذہبی مقامات کے لئے تیز رفتار اور محفوظ ٹریفک کی سہولت فراہم کرائیں گے۔ ان پروجیکٹوں سے خطہ میں بے ہنر، نصف ہنر مند اور ہنر مند افرادی قوت کے لئے بڑی تعداد میں روز گار اور خود روز گار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ یہ پروجیکٹ سفر میں لگنے والا وقت، گاڑیوں کے رکھ رکھاؤ پر آنے والی لاگت کو کم کریں گے اور اس سے ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔  
پروجیکٹوں کے نفاذ سے علاقے کی سماجی، اقتصادی صورت حال بہتر ہوگی۔ اس سے زرعی پیداوار کو لانے لے جانے اور بڑے بازاروں تک پہنچانے میں آسانی میسر آئے گی جس سے اشیا اور خدمات کی لاگت میں کمی آئے گی۔ اس سے صحت دیکھ ریکھ اور ایمرجنسی خدمات تک آسانی اور تیز رفتار رسائی کی سہولت بھی پیدا ہوگی۔ مختصرا ًیہ کہ مذکورہ پروجیکٹوں کے مکمل ہونے کے بعد خطہ کی سیاحت، معیشت اور بین الاقوامی کنکٹیویٹی کی زبردست ترقی ہوگی۔ اس سے تریپورہ ریاست کی جی ڈی پی کو بھی تحریک ملے گی۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS