ایمنسٹی نے بند کیا ہندوستان میں اپنا کام حکومت ہند پر ہراساں کرنے کا الزام

0

نئی دہلی(ایجنسیاں)انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے منگل کے روز ہندوستان میں اپنا کام بند کردیا ۔ تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے ایک کارروائی کے تحت رواں سال کے شروع میں اس کے اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے ، جس کے بعد اسے اپنے بیشتر عملے کو ہٹانا پڑا ۔ اس تنظیم نے ہندوستانی حکومت پر 'وچ ہنٹ' یعنی پیچھے پڑے رہنے کا الزام لگایا ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس ادارے نے فارن کنٹریبوشن (ریگولیشن) ایکٹ کے تحت کبھی اندراج ہی نہیں کرایا، جو غیرملکی فنڈنگ کے لئے ضروری ہے۔ایمنسٹی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'حکومت ہند کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے بینک اکاؤنٹس مکمل طور پر منجمدکردیئے ہیں ، جس کے بارے میں تنظیم کو10  ستمبر کو جانکاری ملی ۔ اس کی وجہ سے تنظیم کا کام مکمل طور پر بندہوگیا ۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ اسے اپنے عملے کو ہٹانے پر مجبور ہونا پڑااور ہندوستان میں چلائی جانے والی مہم اور ریسرچ وغیرہ کو بند کرنا پڑا ۔ایمنسٹی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر انسانی حقوق کے اداروں کے خلاف مسلسل چلائی جانے والی وچ ہنٹ کی کڑی میں اگلا قدم ہے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تمام ہندوستانی اور بین الاقوامی قوانین کی تعمیل کی ہے۔اس انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اویناش کمار نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پر حکومت کی مسلسل کارروائی اچانک نہیں ہے۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS