لکھنو:(یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے سادہ اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی اسکیمات کے نفاذ میں یوپی سرفہرست ہے اور اسی وجہ سے اپوزیشن خائف ہے لہذا اپوزیشن کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں شکست فاش کا سامنا کرنے کی تیاریاں شروع کردینی چاہئے۔
امت شاہ آج ریاستی راجدھانی لکھنو کے سروجنی نگر علاقے میں یوپی اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف فورنسک سائنس(یوپی ایس آئی ایف ایس) کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کے لئے مرکز کی سبھی 44بڑی اسکیمات کے نفاذ میں اترپردیش اول مقام پر ہے۔
انہوں نے اپنے حریفوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں جن لوگوں کو حکومت بنانے کے سپنے آرہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ بی جے پی کسی ایک خاص ذات، خاندان،برادری کے لئے کام نہیں کرتی ہے بلکہ آخری پائیدان پر کھڑے غریب سے غریب تر آدمی کے لئے کام کرتی ہے۔انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں بات کرتےہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ گجرات کے گاندھی نگر میں واقع فورنسک انسٹی ٹیوٹ سے ملحق ہوگا۔
امت شاہ نے کہا کہ ریاستی راجدھانی میں بننے والے اس فورنسک انسٹی ٹیوٹ سے نہ صرف نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید ا ہونگے بلکہ اس سے بہتر نظم ونسق کے قیام میں مکمل تعاون ملے گا۔یوپی اسٹیٹ فارنسک سائنس انسٹی ٹیوٹ جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ کرائم انوسٹی گیشن کا سائنٹفک سنٹر ہوگا۔یہ انسٹی ٹیوٹ فورنسک سائنس،سول اور کرائم لاء کے شعبے میں ریسورس سنٹر کی طرح کام کرے گا۔
اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے مجرمانہ معاملات میں سزا کی شرح میں اضافہ ہوگا کیونکہ اس ضمن میں انوسٹی گیشن مزید پروفیشنل اور سائنٹفک ہوگا جس سے کرائم ریٹ میں خود بخود گراوٹ آئے گی۔انہوں نے کہا کہ گزرتے دنوں میں پولیسنگ میں کافی تبدیلی آئی ہے۔پولیس ٹیم کو بہتر ٹریننگ اور ہمیں شفاف انوسٹی گیشن کے لئے اسپیشل افرادی قوت کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ راجدھانی کی سروجنی نگر علاقے میں 50ایکڑ زمین پر بننے والے یوپی اسٹیٹ فارنسک سائنس انسٹی ٹیوٹ جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ کرائم انوسٹی گیشن کا سائنٹفک سنٹر ہوگا۔یہ انسٹی ٹیوٹ فورنسک سائنس،سول اور کرائم لاء کے شعبے میں ریسورس سنٹر کی طرح کام کرے گا۔
انسٹی ٹیوٹ نہ صرف یہ کہ کرائم میں تفتیش میں معاونت فراہم کرے گا بلکہ تعلیم اور روزگار کے لئے ریاست کے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرے گا۔سینئر پولیس افسر کی قیادت میں چلنے والے اس انسٹی ٹیوٹ میں سائنس اور آئی ٹی کے طلبہ مختلف قسم کے کورس کرسکیں گے۔
انسٹی ٹیوٹ میں فورنسک لیب میں کام کرنے والے فورنسک سائنسدانوں اور پولیس کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔اور ایسے پروفیشنل کو تیار کیا جائے گا جو کرائم کی گتھی کو جلد از جلد سلجھا سکیں ۔