ہمارے خلاف سازش کر رہے ہیں: ممتابنرجی
میجیا(مغربی بنگال): مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو پریشان کرنے کی سازش رچنے کا الزام لگایا اور حیرت کا اظہار کیا کہ کہیں الیکشن کمیشن ان کے اشارے پر تو کام نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شاہ اپنی ریلیوں میں کم بھیڑ سے مایوس ہو گئے ہیں۔
ممتا نے یہ الزام بھی لگایا کہ بی جے پی ان کے قتل کی سازش کر رہی ہے کیونکہ مشرقی میدنی پور کے نندی گرام میں گزشتہ ہفتہ ان کے زخمی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کے سکیورٹی ڈائرکٹر وویک سہائے کو ہٹا دیا۔ نندی گرام میں اپنے اوپر ہونے والے مبینہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ کوئی بھی انہیں بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی آگے لے جانے سے نہیں روک پائے گا۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے یہاں ایک ریلی میں کہا کہ ’امت شاہ مایوس ہو گئے ہیں کیونکہ ان کی ریلیوں میں بھیڑ نہیں جمع ہو رہی ہے۔ ملک چلانے کے بجائے وہ یہاں کولکاتہ میں بیٹھے ہیں اور ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو پریشان کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے کیا ہیں؟ کیا وہ سوچتے ہیں کہ وہ مجھے مار کر یہ الیکشن جیت لیں گے۔ وہ غلطی پر ہیں۔‘
ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ ’کیا امت شاہ الیکشن کمیشن کوچلا رہے ہیں؟ اس کی (کمیشن کی) آزادی کو کیا ہوا؟ میرے سکیورٹی ڈائرکٹر (وویک سہائے) کو (کمیشن نے) ان کی (شاہ کی) ہدایت پر ہٹا دیا۔‘ ممتا نے دعویٰ کیا کہ گواہاٹی سے کل رات کولکاتہ لوٹے امت شاہ نے ریاستی بی جے پی ورکروں کے ساتھ جو میٹنگیں کی ہیں، ان میں وہ دراصل سازش کر رہے ہیں کیونکہ اپنی ریلیوں میں کم بھیڑ دیکھ کر وہ سمجھ گئے ہیں کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات جیتنے سے میلوں دور ہے۔
اپنی ریلیوں میں کم بھیڑ سے امت شاہ مایوس
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS