پنجاب کو شکست دینے کے لیے تمام پارٹیاں متحد ہو چکی ہیں: کیجریوال

0

نئی دہلی: (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کانگریس، بی جے پی اور اکالی دل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام پارٹیاں پنجاب کو ہرانے کے لیے ایک بار پھر متحد ہوگئی ہیں۔ لیکن متحد ہوکر پنجاب انہیں شکست دے گا۔ پیر کو پنجاب کے امرتسر میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہاکہ “پورا پنجاب دیکھ رہا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ تمام پارٹیاں اور ان کے تمام لیڈر صرف اور صرف مجھے اور سردار بھگونت مان کو گالی دے رہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کل ہی عام آدمی پارٹی اور مجھے گالی دی تھی۔‘‘
انہوں نے بتایاکہ “پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی صبح اٹھتے ہیں اور شام کو سونے تک مجھے اور بھگونت مان کو گالی دیتے ہیں۔ وہ سکھبیر بادل کا نام تک نہیں لیتے۔ سکھبیر بادل صاحب بھی صرف مجھے اور بھگونت مان کو گالی دیتے ہیں۔ وہ بھی کبھی چنی صاحب کا نام نہیں لیتے۔ پرینکا گاندھی آئیں وہ بھی صرف مجھے گالی دے رہی تھیں۔ لگتا ہے یہ سب اکٹھے ہو گئے ہیں اور ہم لوگوں کو گالیاں دے رہے ہیں۔
پنجاب کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اس بار سب کو اکٹھا ہونا ہے اور ان تمام پارٹیوں کو شکست دینا ہے اور پنجاب کو بچانا ہے۔ اوپر والے نے آپ کو ایک موقع دیا ہے۔ پنجاب میں ایک ایماندار پارٹی آئی ہے، اچھی پارٹی آئی ہے۔ جو ایماندار حکومت بنائے گی۔ یہ ہر ایک کے بچوں کے مستقبل کی بات ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بار تمام لوگوں کو مل کر دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو شکست دے کر نیا اور اچھا نظام بنانا ہے۔ انتخابات میں تین چار دن باقی ہیں۔ اب شراب اور پیسے کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ میں پنجاب کے تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس بار کوئی کسی بھی حالت میں نہ پھسلے۔ اس بار آپ نے پنجاب کو ہر حال میں بچانا ہے۔ ہر کوئی آنکھیں بند کر کے اپنے بچوں کی تصویر اپنے سامنے رکھ کر ووٹ دیں۔
انہوں نے بتایا کہ چاہے وہ کانگریس کا حامی ہو، چاہے وہ بی جے پی ہو، چاہے وہ کسی بھی پارٹی کا ہو، آپ کی پارٹیوں نے آج تک آپ کو کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’بی جے پی نے 70 سالوں میں بی جے پی والوں کو کیا دیا؟ کانگریس نے کانگریسیوں کو کیا دیا؟ کچھ نہیں دیا۔ اکالی دل والوں نے اکالی دل کو کیا دیا؟ کچھ نہیں دیا۔ اس بار تمام لوگ اپنی اپنی پارٹیوں کو بھول کر جھاڑو کا بٹن دبا دیں۔‘‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS