آل انڈیا اسٹیشن ماسٹر ایسوسی ایشن کا حکومت کو انتباہ،31 مئی کو ملک گیر تعطیل کرنے کی دھمکی

0

نئی دہلی (ایس این بی) : آل انڈیا اسٹیشن ماسٹرز ایسوسی ایشن کے قومی صدر دھننجے چندراترے اور مرکزی جنرل سکریٹری پی سنیل کمار نے ملک بھر کے اسٹیشن ماسٹروں کے سی ای او اور ریلوے بورڈ کے چیئرمین کو اپنے 5 نکاتی مطالبات کا نوٹس دے کر انتباہ دیا ہے کہ ملک بھر کے 35000 اسٹیشن ماسٹرز کے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو 31 مئی کو سب ایک دن کی اجتماعی چھٹی پر ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2020 سے 35000 اسٹیشن ماسٹر اپنے مطالبات کو لے کر جدوجہد کر رہے ہیں لیکن آج تک کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات میں یہ شامل ہے کہ بنیادی طور پر ریلوے کی تمام آسامیاں جلد پر کی جائیں۔ ریلوے کے تمام ملازمین کو بغیر کسی حد کے نائٹ ڈیوٹی الاؤنس کی بحالی کی جائے۔ اسٹیشن ماسٹرز کے کیڈر میں MACP کا فائدہ 16.02.2018 کے بجائے 01.01.2016 سے فراہم کیا جانا چاہئے۔ اسٹیشن ماسٹروں کو ٹرینوں کو محفوظ اور بروقت چلانے میں ان کے تعاون کے لیے سیکورٹی اور تناؤ الاؤنس دیا جانا چاہیے۔ ریلوے کی نجکاری اور کارپوریٹائزیشن بند کی جائے۔ نئی پنشن اسکیم بند کر کے پرانی پنشن اسکیم نافذ کی جائے۔واضح رہے کہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسٹیشن ماسٹروں کے علاوہ یہ مطالبات دیگر کیڈرز اور ریلوے ملازمین کے بھی ہیں۔ تمام مطالبات کسی نہ کسی طرح ریلوے ملازمین کے جذبات سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اسٹیشن ماسٹر ایسوسی ایشن میں طویل جدوجہد کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS