جیت پر جلوس اور پٹاخے منظور نہیں

0

بہار اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ کے بعد اب ملک بھر کی نظریں 10 نومبر کو آنے والے نتائج پر مرکوز ہیں۔ ہفتہ کو آخری مرحلہ کی ووٹنگ کے بعد آئے ایگزٹ پولس میں مہاگٹھ بندھن کی جیت کا اندازہ لگایا گیا ہے اور اس کو لے کر سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے رد عمل بھی سامنے آرہے ہیں۔ لیکن ان سب کے درمیان ایگزٹ پولس کے نتائج کی بنیاد پر راشٹریہ جنتا دل نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بہار الیکشن میں آر جے ڈی کی جیت کے امکان کو دیکھتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے آج کارکنان کیلئے گائیڈ لائن جاری کی۔ اس کے تحت کارکنان اور پارٹی کے امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ جیت کو لے کر نہ تو کوئی جلوس نکالنا ہے اور نہ ہی پٹاخے چھوڑنے ہیں۔
 آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند نے کہا کہ کارکنان کو سڑک پر پٹاخے نہیں چھوڑنے ہیں اور نہ ہی جلوس نکالنا ہے ، جو بھی نتائج آئیں گے وہ عوام کے دیے ہوں گے ، ایسے میں پارٹی کا کوئی بھی لیڈر اور کارکن سڑک پر ہنگامہ نہیں مچائے گا۔ پارٹی کی عقیدت لالو یادو میں ہے اور لا اینڈ آرڈر کی ذمہ داری تیجسوی یادو کو عوام دینے جارہے ہیں ، اس لئے لالو یادو جب جیل سے باہر آئیں گے، تبھی پارٹی ہولی اور دیوالی منائے گی۔آر جے ڈی نے پارٹی کارکنان کیلئے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعہ ٹوئٹ کرکے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ آر جے ڈی کے سبھی کارکنان صبر و تحمل سے کام لیں ، 10 نومبر کو الیکشن نتائج کچھ بھی ہوں ، اس کو پورے صبر و تحمل اور سادگی سے قبول کرنا ہے۔ غیر مناسب آتش بازی ، جوش میں فائرنگ ، حریفوں یا ان کے حامیوں کے ساتھ نازیبا سلوک وغیرہ کسی قیمت پر قبول نہیں ہوگا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS