نئی دہلی: چین کے ساتھ سرحد پر جاری تناؤ اور چین کے 59 موبائل ایپ پر پابندی لگائے جانے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوں اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں سے دیسی موبائل ایپ بنانے کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم مودی نے آج یہاں ’’خودکفیل ہندوستان ایپ انوویشن چیلنج‘ کی ابتدا کرنے کے بعد ٹوئٹ کیا کہ ’’یہ چیلنج آپ کے لئے ہے، اگر آپ کے پاس ایسی سوچ ہے یا آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کے پاس اس طرح کے ایپ کو بنانے کے لئے ویژن اور صلاحیت ہے تو میں ٹکنالوجی سے جڑے اپنے سبھی دوستوں سے اس میں شرکت کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آج ٹکنالوجی اور اسٹارٹ اپ سے جڑے لوگوں میں عالمی سطح کے میڈ ان انڈیا ایپ بنانے کے سلسلے میں بہت زیادہ جوش ہے۔ ان کے خیالات اور پیداوار کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت نے خودکفیل ہندوستان ایپ انوویشن چیلنج پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ سرحد پر چین کے ساتھ جاری تناؤ کے دوران ہندوستان نے چین کے 59 موبائل ایپ پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ چیلنج ان ایپ کا متبادل پیش کرنے کے لئے شروع کی گئی ہے۔