تبلیغی جماعت پرعائدکی جائے پابندی،اعلی حضرت ٹرسٹ نے کیا مطالبہ

0

اعلیٰ حضرت ٹرسٹ نے مطالبہ کیا کہ مرکز کو چاہئے کہ وہ تبلیغی جماعت پر فوری پابندی عائد کرے اور اس کے منتظمین کے خلاف کارروائی کرے، جنہوں نے بغیر کسی سیکورٹی اور طبی احتیاط کے کرونا وائرس کے اہم وقت میں یہ کانفرنس منعقد کی۔ ٹرسٹ کے صدر معتصم رضا خان نے اس ضمن میں وزیراعظم کے دفتر کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کیا۔
اعلیٰ حضرت ٹرسٹ نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کے درد سے پوری دنیا چیخ رہی ہے اور اپنے چہیتے افراد سے محرومی پر غم سے دوچار ہے،ہم بلاتفریق کسی مذہب یا سماجی گروپ سے اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نےکہا کہ تبلیغی جماعت کے ذمہ دار منتظمین نے بغیرکسی سیکورٹی اور طبی احتیاط کے یہ کانفرنس منعقد کی جبکہ اس مرض کو پہلے ہی وبا قرار دیاگیا تھا اس طرح انہوں نے ملک اور دیگر کو بھی سخت مشکل حالات میں ڈال دیا۔
انہوں نےکہا کہ اس اجتماع کا اثر واضح نظر آیا کیونکہ تقریباً 8000 افراد نے اس اجتماع میں شرکت کی، جن میں سے تقریباً 1500 افرادکا تعلق صرف تمل ناڈو سے ہے۔ ان میں 900 مذہبی مبلغین ہیں۔ اس اجتماع کے بعد 600 افراد دہلی میں ہی رہے اور دہلی، یوپی، رانچی کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ان افراد نے گلے ملے۔ ان میں سے بیشترکی حالت بہتر نہیں تھی اور انہوں نے یہ بات حکومت کو نہیں بتائی۔ اس طرح تمام کی جان کو خطرہ میں ڈال دیا گیا۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کی جانچ کروائے کیونکہ ان افراد نے ہندوستان کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے افراد کی جان کو بھی خطرہ میں ڈال دیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS