راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے ثمرات کا جائزہ اور متعلقہ اہم نکات کے عملی نفاذ کے لئے اراکین اڈما کی میٹنگ

0

پریس ریلیز :

نئی دہلی : یونانی دواساز اداروں کی معروف تنظیم یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن (اُڈما) کی گورننگ باڈی کی میٹنگ زیرِ صدارت حامد احمد ہمدرد لیباریٹریز انڈیا (فوڈ ڈویزن) کےکارپوریٹ آفس میں ہوئی۔ جس میں محسن دہلوی (جنرل سکریٹری)، محمّد عارف (پیٹرون)، محمّد نبیل (وائس پریسیڈنٹ)، ڈاکٹر مطیع اللّٰہ مجید (زونل وائس پریسیڈنٹ)، محمّد نوشاد (کورڈینیٹر)، پرویز احمد خاں (نائب ٹریزرر)، مقبول حسن، سیّد منیر عظمت، حکیم عذیر بقائی، حکیم محمّد خبیب بقائی، ڈاکٹر محمّد کاشف ذکائی شریک تھے جبکہ ورچوول موڈ پر شیخ انتخاب عالم (پونے)، ارون شریواستو (کانپور)، ڈاکٹر شاہد بخش (برہانپور) اور انتخاب عالم آرزو (کولکتہ) پروگرام سے منسلک تھے۔ میٹنگ میں حسب ذیل امور پر گفتگو ہوئی اور اہم تجاویز پاس کی گئیں :

طب یونانی کے فروغ کے لیے سابقہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شریک تعلیمی اداروں کے اساتذہ و ذمّہ داران نے جو باتیں رکھی تھیں، جن اہم نکات پر تبادلہ خیال ہوا تھا اور مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جو تجاویز زیر بحث آئی تھیں انہیں تحریری طور پر کتابی شکل دی جائے تاکہ یونانی دوا ساز اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مستقل رابطے برقرار رہیں اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے جاسکیں ساتھ ہی طالب علموں کو یونانی دواؤں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم ہوں، ان کے اندر خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ اپنی پریکٹس میں یونانی دواؤں کو شامل کر سکیں۔

ملک کے مختلف خطّوں میں یونانی کے پروگرامس، کانفرنس، نمائش، بحث و مباحثہ و تقریبات کے انعقاد و اہتمام اور ان میں اُڈما کے اراکین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

اگلا “یومِ اُڈما” کا دہلی کے علاوہ دیگر بڑے شہروں مثلاً ممبئی، حیدرآباد، بنگلور، کولکتہ، پٹنہ میں اہتمام کیا جائے، ملک کے دیگر اہم مقامات پر بھی انعقاد کیا جائے تاکہ ملک گیر سطح پر اس طریقہ علاج کو بہتر پہچان ملے اور اہلیانِ طِب نیز عوام الناس تک بطریق احسن ہمارا پیغام پہنچے۔

تنظیم کے جنرل سکریٹری محسن دہلوی نے اپنے حالیہ ملک ایران اور دبئی کا دورہ کے بارے میں شرکاء حضرات کو معلومات سے نوازا۔ موصوف نے دونوں ممالک میں قدرتی اجزاء سے تیار شدہ ادویہ، ان کی افادیت نیز جڑی بوٹیوں اور کاروباری امور کے ساتھ ساتھ مستقبل قریب میں وہاں تک ہماری دواؤں کی رسائی کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی۔

اس امر پر گفتگو ہوئی کہ سالانہ کیلنڈر تیار کیا جائے گا جس میں طب یونانی کے تعلق سے ہونے والی کانفرنس، نمائش اور دیگر پروگرامس کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔

اس بات کا بھی اظہار خیال کیا گیا کہ حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ “آیورویدک آہار” کی طرح “یونانی آہار” بھی ہونا چاہیے۔

تنظیم کے صدر حامد احمد نے سنٹرل کاؤنسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن، وزارات آیوش حکومت ہند میں نئے ڈائریکٹر جنرل کے اعلٰی منصب پر تقرّر شدہ ڈاکٹر ظہیر احمد کو اراکین اُڈما کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ موصوف گرامی طبّ یونانی کے فروغ کے لئے بہتر خدمات انجام دیں گے۔

پدم شری حکیم خلیفتہ اللّٰہ صاحب کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کے لئے دعاء مغفرت کی گئی اور طبّی جہاں میں ان کی بیش بہا و صد افتخار خدمات کو تحسین آمیز کلمات سے یاد کیا گیا۔

شرکاء حضرات نے اس بات کو پھر دہرایا کہ موجودہ صورتحال میں یونانی فزیشینز کو ملک گیر سطح پرخالص یونانی پیتھی کی جانب مائل کرنے کے لئے ذہن سازی مہم نہایت ضروری ہے جو انقلابی تحریک کی شکل میں تسلسل کے ساتھ چلتی رہیگی۔

میٹنگ کے اخیر میں تنظیم کے جنرل سکریٹری حکیم محسن دہلوی نے سبھی شرکاء حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

✍🏻ا۔ ا۔ اعجازی

شعبہ نشر و اشاعت، اُڈما

14 جون، 2023ء

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS