ریاض (یو این آئی): سعودی وزارت اسلامی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں گذشتہ برس مساجد کی تعمیر اور اصلاح کے حوالے سے رضاکارانہ عطیہ دینے والوں کی 459 درخواستوں کو منظور کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عطیہ کنندگان کی جانب سے مساجد کی تعمیر و اصلاح اور مرمت کے حوالے سے ایک ارب 40 کروڑ ریال فراہم کیے گئے تھے۔ مساجد کی تعمیر و اصلاح اور مرمت کے ضمن میں رضاکارانہ عطیہ کرنے والوں کا وزارت اسلامی امور کی جانب سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
معلوم ہوکہ، سعودیہ عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوۃ والارشاد کی جانب سے مختلف علاقوں، شہروں اورقصبوں میں قائم مساجد کی تعمیر نو، اصلاح اور مرمت کے علاوہ نئی مساجد کی تعمیر کے لیے عطیہ وصول کرنے کا طریقہ کار مقرر ہے جس کے تحت اس کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ترکیہ میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے 33 لوگ پکڑے گئے
مساجد کے لیے عطیہ کے ضوابط کا مقصد جامع اور درست انداز میں عطیہ کی گئی رقم کو خرچ کرنا ہے۔جس مسجد کی تعمیر یا اصلاح کے لیے رقم عطیہ کی جاتی ہے عطیہ کنندگان کو اس حوالے سے مطلع کیا جاتا ہے۔