سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں بدھ کی صبح ایک سکولی عمارت میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی جوان ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے کے سبحان پورہ گاؤں میں قومی شاہراہ پر واقع ایک اسکولی عمارت میں بدھ کی صبح اس وقت ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جب فوج کے 24 آر آر کی ایک روڈ اوپنگ پارٹی وہاں سے گذر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں چار فوجی جوان زخمی ہوگئے جنہیں علاج ومعالجے کے لئے فوری طور سری نگر میں قائم فوج کے 92 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک فوجی جوان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس دھماکے سے اسکولی عمارت کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا سری نگر نشین دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ضلع کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں بدھ کی صبح قریب سوا دس بجے جنگجوؤں نے فوج کی ایک روڈ اوپنگ پارٹی پر گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی جوان آہنی چھرے لگنے سے زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ زخمیوں کو بنیادی مرہم پٹی کے بعد سری نگر میں قائم فوج کے 92 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اسکولی عمارت میں دھماکہ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS