اردو ڈیزائنر :فون پر اردو ڈیزائننگ کے لئے نہایت کارآمد ایپ

0

بشریٰ سلمان
سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس دور میں جب ہر نظر آنے والی پوسٹ اورتصویر دیدہ زیب اور پرکشش ہوتی جا رہی ہے اور ہر طرف صرف اور صرف گرافک ڈیزائننگ کی طوطی بول رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہترین وقابل ڈیزائنرس کی مانگ بھی تسلسل کے ساتھ مارکیٹ میں موجود ہے۔
اس تیز رفتار دنیا میں جب ہر ایک شخص یا تو بہت زیادہ مصروف ہے یا پھر مشغول ہونے کی ایکٹنگ کرتا نظر آرہا ہے۔ چنانچہ ہر شخص کی طرف سے کم وقت میں مطلوبہ آرڈر عمدگی کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کی مانگ ہے۔لہٰذا، ہر وہ شخص جو ایسے کام بحسن و خوبی انجام دے سکتا ہے،اس کی ڈیمانڈ آج بھی بہت زیادہ ہے، لیکن گرافک ڈیزائننگ چاہے وہ سوشل میڈیا پوسٹ تیار کرنی ہو یا پھر تھمب نیل، پوسٹر ڈیزائن کرنا ہو یا پھر اعلانات کے لیے اشتہارات کی تزئین، غرض یہ کہ ہر وہ کام جس کا تعلق گرافک ڈیزائننگ سے ہو اور وہ بھی اردو میں تو پھر اس کے لیے پریشانیاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں۔ کیونکہ مسئلہ اس حد تک بڑھا ہوا ہے اب تک کمپیوٹر میں گرافک ڈیزائننگ کے لیے جتنے بھی سافٹ ویئر استعمال کیے جاتے ہیں، چاہے وہ کورل ڈرا، فوٹو شاپ ہو یا پھر کوئی اور سافٹ ویئر؛ وہاں ابھی تک اردو لکھنے کی سہولت میسر نہیں ہو سکی ہے۔ بالکل اسی طرح موبائل جب سے اسمارٹ فونز کی شکل میں وجود پذیر ہوا، تب سے ہی فون کے ذریعہ ڈیزائننگ کے لیےبہت سارے ایپس بھی ڈیولپ کرکے صارفین کے سامنے پیش کیے گئے ہیں، لیکن یہاں بھی وہی حال رہا اور اردو کو ہمیشہ کی طرح نظرانداز کیاگیا۔ لیکن دھیرے دھیرے کچھ ایپلیکیشنز اردو ڈیزائننگ کے لیےمنظر عام پر لائے گئے، لیکن کوئی بھی ایپ ایسا نہیں تھا، جو اردو زبان میں ڈیزائننگ کے حوالے سے صارفین کو مطمئن کر سکے۔ یہاں تک کہ اردو ڈیزائنر ایپ منصہ شہود پر آیا۔
یہ 13 اگست 2017 ءکولانچ ہوا ۔ جس کی نمایاں خدمات شروعاتی دور سے ہی لوگوں کی توجہات اپنی طرف مبذول کرنے میں کامیاب رہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا کے پوسٹ ہوں یا بزنس کارڈ، کوئی پوسٹر ہو یا بروچر یا پھر دعوت نامہ ؛ہر طرح کی ڈیزائننگ کے لیے اردو ڈیزائنر ایک بہترین آپشن ہے۔ اردو ڈیزائنر ایک ایسا موبائل ایپلیکیشن ٹول ہے جس نے لوگوں کے کام کو آسان بنا دیا ہے۔ آئندہ سطور میں مختصراً اس کے طرز استعمال ، فیچرزا ور آپشنز ذکر کیے جاتے ہیں۔
انٹر فیس(Interface):جیسے ہی آپ اس اپلیکشن کو اوپن کریں گے آپ کے سامنے انٹر فیس ظاہرہوگا جہاں کل 6 سیکشنس نظر آئیں گے۔
نیو پیج(New Page):یہاں سے کارروائی شروع ہوتی ہے۔ جب آپ نیو پیج پر کلک کریں گے تو سامنے مختلف سائز کے پیجز ظاہر ہوں گے، جن میں خصوصی طور پر یوٹیوب تھمب نیل، یوٹیوب کور، فیس بک پوسٹ، فیس بک کور، انسٹا پوسٹ، اسکوائر وغیرہ کے مختلف سائز دیئے گئے ۔ ساتھ ایک فری سائز بھی سامنے موجود ہے جہاں سے آپ اپنا من چاہا پیج سائز لے سکتے ہیں ۔جیسا کہ ذکر کیا گیا کہ پیج کے مختلف سائز پہلے سے موجود ہیں، جس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بسااوقات صارف کو اگر یوٹیوب ویڈیو کے لیے تھمب نیل بناناہے لیکن اسے حقیقی سائز کا علم نہیں ہے تو دیکھا گیا ہے کہ سائز کے صحیح نہ ہونے کی وجہ سے جب اسے ویڈیو پر لگایا جاتا ہے تو پھر وہ بالکل ہی بے جان اور بدنما معلوم ہوتا اور ایک ایسی چیز کا بدنما دکھائی دینا جو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے اور ویوز بڑھانے کا ذریعہ ہو سکتی تھی ،اس کے مقصد کو ہی فوت کردیتا ہے۔ چنانچہ اس فیچر کا فائدہ اٹھا کر صحیح سائز کے ساتھ مطلوبہ ڈیزائن کی تصویربنا ئی جا سکتی ہے ۔
آن لائن ڈیزائن(Online Design):یہ اردو ڈیزائنر اپلیکیشن کا یہ ایک بہترین فیچر ہے ،جہاں پہلے سے ڈیزائن شدہ متعددٹیمپلیٹس اور تیار شدہ ڈیزائنس کی اوپن فائلز موجود ہیں ، جنہیں آپ اپنی مرضی کے مطابق ایڈیٹ کر سکتے ہیں یا اگر ایڈٹ نہ بھی کرنا چاہیں اور بذات خود ہی تیار کرنا چاہیں پھر بھی آپ وہاں سے آئیڈیاز تو لے ہی سکتے ہی۔ اس کے تحت جو ڈیزائنس موجود ہیں وہ دو طرح کے ہیں:(1)بعض تو وہ ہیں جو بالکل مفت ہیں۔
(2) بقیہ وہ ہیں جنہیں ایڈٹ کرنے کے لیے آپ کو پرائم ممبر شپ لینی پڑتی ہے، لیکن اگر ممبر شپ نہ بھی لیناچاہیں تو کم از کم آئیڈیاز تو لے ہی سکتے ہیں اور خود اسے بنا سکتے ہیں ۔
مائی ڈیزائن(My Design):اس سیکشن میں صارف کے ذریعہ تیار شدہ تمام ڈیزائنس محفوظ رہتے ہیں، چاہے وہ مکمل کیے جا چکے ہوں یا پھر آدھے ادھورے ہوں۔ یہ ایپلیکشن خود بھی ڈیزائنس کو کام کے دوران وقفہ وقفہ سے محفوظ کرتا رہتا ہے۔ چنانچہ اگر آپ کسی وقت محفوظ کرنا بھول بھی جائیں تو کوئی پریشانی کی بات نہیں، کیونکہ ایپ یہ کام بخوبی انجام دے رہاہوتا ہے۔
کونٹیسٹ(Contest):اس فیچر کے تحت وقتا فوقتاً تزئین کاری کا مقابلہ منعقد کیا جاتا ہے، جس کے لیے اولین شرط یہ ہوتی ہے کہ جو بھی ڈیزائن اس مقابلہ میں شرکت کے لئے دیا جائے گا، وہ اردو ڈیزائنر ایپ پر ہی بنایا گیاہو، ورنہ وہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ فاتحین کو بطور انعام نقد رقم کے ساتھ پرائم ممبر شپ بھی دی جاتی ہے ۔
ٹیوٹوریلس(Tutorials):نئے صارفین کے لیے یہ سیکشن بہت ہی مفید اور کار آمد ہے، جہاں اس ایپلیکیشن کو آپریٹ کرنے اور ڈیزائن بنانے کے لیے ویڈیو کی شکل میں رہنمائی کی گئی ہے، جس کی مدد سے کوئی بھی نو آموز بہت تیزی کے ساتھ اس ایپ پر ڈیزائننگ سیکھ سکتا ہے ۔
مائی فولڈر(My Folder):یہ وہ سیکشن ہے جہاں صارف کے ذریعہ تیار کردہ ڈیزائن جسے اس نے اپنے فون پر ایکسپورٹ کر لیا ہو اور گیلری میں محفوظ کر لیا ہو، وہ تمام ڈیزائن محفوظ ہوتے ہیں۔ اس سیکشن کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر وہ ڈیزائن آپ کے فون سے ڈیلیٹ ہو گیا یا پھر کسی اور نے ڈیلیٹ کردیا تو پھر اسے دوبارہ ایکسپورٹ کر کےاپنے فون پر محفوظ کیا جا سکتا ہے ۔ ابھی تک جو باتیں سامنے آئی ہیں وہ اردو ڈیزائنر ایپ کے باہر کی باتیں ہیں۔ چلیں اب ہم اندرونِ ایپ چلتے ہیں۔
جیسے ہی آپ نیو پیج لے کر ایپ کے میدان عمل میں داخل ہوتے ہیں، آپ کے سامنے متعدد آپشنز ظاہر ہوتے ہیں۔ آپ نے جو پیج لیا ہے اس سے متعلق نیچے کی طرف کچھ آپشنزنظر آتے ہیں کہ اس پیچ یا پھر بیک گراؤنڈ کا کلر کیسا ہونا چاہیے،یا پھر آپ اسے ٹرانسپیرنٹ رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ آپشن وہاں موجود ہے جس کے استعمال سے آپ اپنا من چاہا بیک گراؤنڈ تیار کر سکتے ہیں۔ اسی طرح اوپر کی طرف بھی چند آپشنزموجود ہیں، جو حروف و الفاظ کے نقل و حرکت میں معاون ثابت ہوتے ہیں،اگر چہ براہ راست انگلیوں کے سہارے بھی یہ کام انجام دیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح تحریروں اور تصاویر کو اوپر نیچے (Front Back) کرنے میں مدد ملتی ہے ۔
ایڈ نیو(Add New):یہ مرکزی سیکشن ہے، جس کے تحت ڈھیر سارے ذیلی سیکشنس ہیں اور در اصل ڈیزائننگ کا اصل کام یہیں سے شروع ہوتا ہے۔ان سارے سیکشنس کا اجمالی تعارف یہ ہے :
گیلری پک(Gallery Pic):’ایڈ نیو‘ پرجیسے ہی کلک کریں گے،سب سے پہلا آپشن گیلری پک کا آتا ہے ،جس کی مدد سے فون میں موجود کوئی بھی تصویر ، بیک گراؤنڈ یا پھر کوئی بھی پی این جی امیج کو اردو ڈیزائنر ایپ کےلیے منتخب کیا جا سکتا ہے اور اس میں اپنے طور پرجو کچھ لکھنا چاہیں،مثلاً: کوئی غزل، نظم، شعر یا پھر جو بھی آپ چاہیں ،وہ کر سکتے ہیں۔
آن لائن پک(Online Pic):یہ بہت ہی مفید سیکشن ہے، جہاں سے آپ کو اپنی ضرورت اور سہولت کے حساب سے تصویریں مل جاتی ہیں اور وہ بھی بالکل فری۔ فری ہونے کا ذکر اس لیے کیا گیا کہ بسا اوقات جب کوئی تھمب نیل یا پھر ایسے ڈیزائن تیار کیے جاتے ہیں جن کا تعلق گوگل ایڈسنس سے ہوتا ہے اور اس ڈیزائن میں ایسی تصویر لی جاتی ہے جو فری نہیں ہوتی ،بلکہ متعلقہ کمپنی کی کاپی رائٹ ہوتی ہے، تو پھر صارف کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ چنانچہ اگر آن لائن پک کے استعمال سے کام پورے کیے جائیں تو مذکورہ پرمسئلے کا سامنا ہی نہ ہو۔ اس کے بعد مائی فولڈر کا سیکشن ہے،جس کا ذکر اوپر ہو چکا، لہٰذا آگے بڑھتے ہیں ۔
ایڈ ٹیکسٹ(Add Text):تحریر کا اصل کام یہاں سے شروع ہوتا ہے۔ اس آپشن پر کلک کریں اور ایک رائٹنگ باکس آپ کے سامنے کھل جائے گا۔ جہاں آپ جو چاہیں لکھ سکتے ہیں اور اگر آپ نے پہلے سے ہی کوئی تحریر کاپی کر رکھی ہے، تو اسے بھی یہاں پیسٹ کر سکتے ہیں۔ لکھنے کے بعد اسے ایڈ کریں اور جیسے ہی وہ ورکنگ پلیس پر آ جائے، آپ اسے جس رنگ و روپ میں ڈھالنا چاہیں ڈھال سکتے ہیں۔ عبارت کے لیے کثیر تعداد میں اردو اور عربی فونٹس موجود ہیں، جن میں سے آپ اپنا پسندیدہ فونٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ اگر آپ اپنے طور پر کوئی فونٹ اس ایپ کے اندر انسٹال یا اپ لوڈ کرنا چاہیں،تو آپ وہ بھی کر سکتے ہیں ۔ اس کے لیے آپ صرف گوگل پر جائیں اور پھر وہاں فونٹ کا نام اور ساتھ ttf لکھیں ۔ فونٹ آپ کے سامنے ہوگا، ڈائون لوڈ کریں اور اردو ڈیزائنر ایپ میں ٹیکسٹ کے ذریعہ فونٹ کے آپشن پر جائیں اوراس ڈائون لوڈ کردہ فونٹ کو ایڈ کرلیں، پھر عبارتوں اور تحریروں میں اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ تحریر کو مختلف رنگ بھی دیئے جا سکتے ہیں اور رنگ و روغن کے دو آپشنزہیں۔ایک تو یہ کہ اسے پلین کوئی بھی ایک کلر دےدیں، بہت سارے احباب کو یہی پسند آتا ہے، لیکن یہاں پر دوسرا آپشن بھی موجود ہیں جس میں مختلف رنگوںکو ملا کر ایک رنگ تیار کیا گیا ہے، جس کے استعمال سے عبارت اور بھی زیادہ خوبصورت نظر آتی ہے ۔ اسی طرح ٹیکسٹ کے آؤٹ لائن اور شیڈ بھی من چاہے کلر کے ساتھ من چاہے مقدار میں دیے جا سکتے ہیں۔
بیک گراؤنڈ(Background):اوپر یہ بات آئی تھی کہ اگر کوئی تصویر بطور بیک گراؤنڈ آپ لینا چاہیں تو اسے گیلری کے توسط سے یا پھر آن لائن پک کے توسط سے لگا سکتے ہیں ، لیکن اگر آپ کوپراپر بیک گراؤنڈ چاہیے،وہ بھی ٹاپک وائز،مثلا ً:تعلیم یا کسی خاص پروگرام سے متعلق یا پھر ایسا بیک گراؤنڈ جو صرف مختلف کلر پر مبنی ہو تو یہ سیکشن آپ کے لیے بہت ہی کار آمد ثابت ہو سکتا ہے۔جہاں موضوع کے اعتبار سے بیک گراؤنڈ فراہم کیے گئے ہیں۔ جس کے لیےبس آپ کو سرچ کرنا ہے اور اپنے پسندیدہ بیک گراؤنڈ کو ورکنگ پلیس پر لاکر استعمال کرناہے۔
پی این جی امیجز(PNG Images):یہ بھی کافی مفید سیکشن ہے ،جہاں بے شمار تصویریں پی این جی کی شکل میں موجود ہیں ۔ پی این جی کو آسان لفظوں میں اس طور پر سمجھا جا سکتا ہے کہ وہ تصویریں جو بیک گراؤنڈ سے خالی ہوں۔ چنانچہ اگر آپ کے ڈیزائن کو ایسی تصویروں کی ضرورت ہے تو اس کے لیے گوگل سے فوٹو ڈائون لوڈ کرکے اس کا بیک گراؤنڈ حذف کرنے جتنا بڑا کام نہیں کرنا ہے۔ بلکہ آپ صرف اس سیکشن میں جائیں جہاں ٹاپک وائز تصویریں موجود ہیں۔ مثلا اگر آپ کو قلم، پنسل، بلیک بورڈ، کوئی مشین، کسی سوشل میڈیا کا آئکن، مذہبی مقامات کی تصویریں غرض یہ کہ جو بھی آپ کو چاہیے، وہ یہاں موجود ہے۔
شیپ(Shape):یہاں موجود مختلف شیپ اور اشکال کی مدد سے نہ صرف یہ کہ ڈیزائنس کو دیدہ زیب اور پرکشش بنایا جا سکتا ہے ،بلکہ اس کی مدد سے جو ہائی لائٹڈ پوائنٹس ہیں انھیں نمایا ںبھی کیا جا سکتا ہے۔ اس سیکشن میں مختلف انواع و اقسام کے شیپ موجود ہیں مثلا اسکوائر ، ٹرائی اینگل، پٹی، مختلف آفرس کے دودو ، تین تین پٹیوں والے شیپ وغیرہ، جن کا استعمال ڈیزائن کو کم وقت میں عمدگی کے ساتھ مکمل کرنے میں کافی معاون ثابت ہوتا ہے ۔
اسپیشل ٹیکسٹ(Special Text):یہ ایک بہترین سیکشن ہے خصوصاًاردو شائقین کے لیے ۔ یہاں پر چنندہ آیات و احادیث، مختلف عہدوں اور مقامات کے نام، منتخب صحابہ و افراد کے اسمائے گرامی،اور ان جیسی بہت ساری تحریریں موجود ہیں جن کا استعمال ڈیزائن کی خوبصورتی اور دلکشی کو دو بالا کر دیتا ہے۔
لوگو(Logo):اس سیکشن میں موضوع کے لحاظ سے لوگو بنانے کے لیے مختلف آئکن دیئے گئے ہیں ،جن کا استعمال لوگو بنانے میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اور جس کا انتخاب اپنے مطلوبہ موضوع کے اعتبار سے کیا جا سکتا ہے۔ خلاصہ یہ کہ اس ایپ میں پہلے سے ڈیزائن شدہ متعدد ٹیمپلیٹس ہیں ،جن میں اپنی ضرورت کے حساب سے ترمیم کی جا سکتی ہے۔ آپ چاہیں تو اپنی گیلری سے بھی بیک گراؤنڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اسی طرح اشعار کا ایک اچھا کلیکشن بھی اس میں ہے ،جن سے انتخاب کرکے آپ اپنے ڈیزائن میں ڈال سکتے ہیں۔ نہ صرف یہ کہ مختلف خوبصورت فونٹز ہیں بلکہ اسپیشل ٹیکسٹ کے نام سے ریڈی میڈ خوبصورت ٹیکسٹ بھی دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ پیج بارڈر، اشکال، لوگو وغیرہ کے بھی آپشن موجود ہیں۔ آپ کسی بھی سائز کےڈیزائن بنا سکتے ہیں ،کسی تصویر کے بیک گراؤنڈ کو ہٹا سکتے ہیں ،یہاں تک کہ ایک ہی لائن کے الگ الگ لفظ کو آپ مختلف طریقہ سے لکھ سکتے ہیں۔اس ایپ میں آپ کے ڈیزائن محفوظ ہو جاتے ہیں، جن میں آپ دوبارہ ترمیم کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔ اس ایپ میں سیکھنے کے لیےکئی ویڈیوز بھی موجود ہیں ، اور وقتاً فوقتاً کئی طرح کے مقابلہ کروائے جاتے ہیں۔ اس ایپ کی ایک خامی ہے کہ آف لائن کام کرنے پر بہت سارے آپشنزختم ہو جاتے ہیں ۔ جیسے کہ بیک گراؤنڈ امیجز آف لائن دستیاب نہیں ہیں۔ اسی طرح آف لائن ٹیوٹوریل ویڈیوز نہیں دیکھی جاسکتیں ۔
خلاصہ یہ کہ متعدد فیچرز کے ساتھ اور ہر طرح کی ڈیزائننگ کے لیے ایک آسان، عمدہ اور بہترین اردو ڈیزائننگ ایپلیکیشن ہے ۔ll

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS