نئی دہلی (ایس این بی)
اگر سرپرست راجدھانی کے سرکاری اسکولوں میں اکنامک ویکرز سیکشن اور ڈس ایڈوانٹیج کوٹہ کے لیے درخواست میں ایک سے زیادہ بار درخواست دیتے ہیں تو ان کی درخواست منسوخ کر دی جائے گی۔ یہی نہیں اگر ایک سے زائد درخواستوں کے بعد ان کا بچہ قرعہ اندازی میں منتخب بھی ہوا تو داخلہ بھی منسوخ کردیا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ای ڈبلیو ایس اور ڈی جی کوٹہ کے داخلوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔
سرکاری اسکولوں میں جنرل کوٹہ کے داخلوں کا عمل شروع ہونے کے بعد اب اکنامک ویکرز سیکشن اور ڈس ایڈوانٹیج کوٹہ کے نرسری داخلوں کے لیے درخواست کا عمل 10 فروری سے شروع ہو گا۔ درخواست میں بچے کا آدھار نمبر دینا لازمی ہوگا۔ والدین کو داخلہ کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی ویب سائٹ سے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔ داخلے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہے۔ درخواست کے بعد پہلی قرعہ اندازی 3 مارچ کو آن لائن جاری کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے جمعرات کو ایک سرکلر جاری کیا۔ سرکلر کے مطابق جن کے والدین کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ سے کم ہے وہ ای ڈبلیو ایس کوٹہ میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ EWS اور DG کوٹہ کے علاوہ بچوں کے معذور کوٹہ کے طلبا کو درخواست میں آمدنی کا سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے داخلوں سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کے لیے ہیلپ لائن 8800355192 اور 9818154069 جاری کی ہے۔ والدین پیر تا جمعہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ان نمبروں پر کال کر کے مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔