نئی دہلی، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ امرت کال کے پہلے مالی سال 2023-24 کا بجٹ ترقی یافتہ ہندوستان کے عظیم عہد کو پورا کرنے کے لئے ایک مضبوط بنیاد بنائے گا اور اس میں پسماندہ افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ آج پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ پر اپنے پہلے ردعمل میں مسٹر مودی نے کہا “یہ بجٹ پسماندہ لوگوں کو ترجیح دیتا ہے اور آج کے پرامید سماج ، گاؤں کے غریبوں، کسانوں ، متوسط طبقے اور سبھی کے خوابوں کو پورا کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم وشوکرما کوشل سمان اور پی ایم وکاس کروڑوں وشوکرما کی زندگیوں میں ایک بڑی تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی طور پر کروڑوں وشوکرما جو اپنے ہاتھوں میں اوزار اور سامان لے کر سخت محنت کرتے ہیں وہ اس ملک کے معمار ہیں اور وہ کچھ نہ کچھ تخلیق کرنے والے ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا کہ اس بجٹ ک ے انتظامات کوآپریٹیو کو دیہی معیشت کی ترقی کا محور بنا ئیں گے۔ حکومت نے کوآپریٹو سیکٹر میں دنیا کے سب سے اناج بھنڈار کی اسکیم تیار کی ہے اور بجٹ میں نئی پرائمری کوآپریٹو سوسائٹیوں کے فروغ کے لیے ایک پرجوش منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت کا فائدہ اب زرعی شعبے میں حاصل کرنا ہے، اس لیے بجٹ میں اب کسانوں کے لیے عوامی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر بنانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے ۔ مسٹر مودی نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں صحت مند مستقبل، سبز ترقی، سبز معیشت، سبز بنیادی ڈھانچہ اور سبز روزگار کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بجٹ میں کاروبار کرنے میں آسانی کے ساتھ ساتھ قرضوں کی سہولت میں اضافہ اور اصلاحات کی مہم کو آگے بڑھایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے 2 لاکھ کروڑ روپے کے اضافی قرض کی ضمانت فراہم کرکے اور مائیکرو یونٹس اور پیشہ ور افراد کے لیے تخمیہ پر مبنی ٹیکس کی حد میں اضافہ کرکے ایم ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
مسٹر مودی نے یہ بھی کہا کہ حکومت متوسط طبقے کے ساتھ ہے۔ متوسط طبقہ خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ایک بہت بڑی طاقت ہے۔ متوسط طبقے کو بااختیار بنانے کے لیے ہماری حکومت نے گزشتہ برسوں میں بہت سے فیصلے کیے ہیں۔ زندگی میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ذاتی انکم ٹیکس کی شرحوں میں کمی کی ہے اور ٹیکس ریفنڈ کو آسان، شفاف اور تیز کردیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ بجٹ غریبوں اور کسانوں کے خواب پورے کرے گا۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر 10 لاکھ کروڑ روپے کی بے مثال سرمایہ کاری روزگار کے مواقع میں بڑے پیمانے پر توسیع کا باعث بنے گی۔