نئی دہلی، (یو این آئی) ملک بھر میں 1,54,070 صحت اور تندرستی کے مراکز چل رہے ہیں اور 135 کروڑ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کر چکے ہیں۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے منگل کو پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اقتصادی سروے 23۔2022 میں کہا کہ ان مراکز میں کل 87 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی غیر متعدی بیماریوں کی جانچ کی گئی۔ یوگا سمیت 1.60 کروڑ سے زیادہ فلاح و بہبود کے سیشن منعقد کیے گئے اور آیوشمان بھارت صحت مراکز میں 1,12,987 اوپی ڈی کے ذریعے جبکہ 93 ملین ٹیلی فونک مشاورت کی گئی ۔
آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت تقریباً 22 کروڑ مستفیدین کی تصدیق کی گئی ہے۔ آیوشمان بھارت کے تحت ملک بھر میں 1.54 لاکھ سے زیادہ صحت اور تندرستی کی دیکھ بھال کے مراکز شروع کیے گئے تھے۔ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت 4 جنوری 2023 تک 21.90 کروڑ مستفیدین کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ اس میں ریاستوں کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کے تحت تصدیق شدہ تین کروڑ مستفیدین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسپتالوں میں تقریباً چار کروڑ تیس لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا ہے جس پر 50,409 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
موجودہ زچہ و بچہ کی صحت کی خدمات اور متعدی امراض کی خدمات کو وسعت اور مضبوط بنا کر مراکز کے ذریعے جامع بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنا ہے، جن میں دماغی تناؤ، ذیابیطس اور منہ، چھاتی اور بچہ دانی کے تین عام کینسر کے علاج سے متعلق خدمات فراہم کرنا شامل ہے۔