چمک گئی دو جہاں کی قسمت نبیؐ کی تشریف آوری سے
اُمڈ کے آئی چمن کی رنگت نبیؐ کی تشریف آوری سے
اُبھر گیا اک نیا سویرا زمین کو رحمتوں نے گھیرا
کہ دانے دانے میں آئی برکت نبیؐ کی تشریف آوری سے
جو رنج و غم سہ کے پل رہے تھے دُکھوں کے شعلوں میں جل رہے تھے
عطا ہوئی اُن سبھی کو راحت نبیؐ کی تشریف آوری سے
بُتوں کو کل تک جو پُوجتے تھے سبھی موحّد وہ بن چُکے تھے
مِلی اُنہیں دینِ حق کی دولت نبیؐ کی تشریف آوری سے
گناہگاروں کا ساتھ چُھوٹا، بُرائیوں کا غُرور ٹوٹا
دلوں نے پائی عمل کی رغبت نبیؐ کی تشریف آوری سے
چمن چمن میں بہار آئی، کلی کلی پر نکھار لائی
ہر ایک غنچے کی بدلی صورت نبیؐ کی تشریف آوری سے
صبا کا دامن ہُوا معطّر، بکھر گئے خوشبوؤں کے لشکر
بہار نے دی خزاں کو رخصت نبیؐ کی تشریف آوری سے
ادب سے دل نے دھڑکنا سیکھا، گُلوں نے ہنس کر مہکنا سیکھا
تھا دیدنی موقعِ مسرّت نبیؐ کی تشریف آوری سے
ہوئی جو اِقرأ کی شمع روشن چمک گئے دل دمک گئے مَن
کہ علم آیا مِٹی جہالت نبیؐ کی تشریف آوری سے
سجے ہر اک سمت سجدے حافظؔ مہک گئے سب کے ماتھے حافظؔ
سبھوں کی عادت بَنی عبادت نبیؐ کی تشریف آوری سے
ڈاکٹر حافظؔکرناٹکی
چمک گئی دو جہاں کی قسمت نبیؐ کی تشریف آوری سے…
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS