سینیگال ناک آئوٹ میں جگہ بنانے والا پہلا افریقی ملک بن گیا

0

دوحہ(ایجنسیاں)سینیگال نے شاندار جیت درج کرتے ہوئے بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ سینیگال 2014کے بعد رائونڈ آف 16میں کوالیفائی کرنے والا پہلا افریقی ملک بن گیا۔اس نے ایکواڈور کے خلاف 2-1کی جیت کے ساتھ اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
گروپ اے میں موجود سینیگال کی ٹیم تین میچوں میں دو جیت اور ایک ہار کھیل کر چھ پوائنٹس کے حاصل کرکے دوسری پوزیشن کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ اس گروپ سے نیدرلینڈ نے قطر کو شکست دے کر سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر رہتے ہوئے رائونڈ آف 16میں جگہ پکی کی۔ اس طرح گروپ میزبان قطر اور ایکواڈور کا ٹورنامنٹ سے اخراج ہوگیا ہے۔ ایکواڈور کے چار پوائنٹس تھے۔سینیگال کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے ہر حال میں جیت کی ضرورت تھی۔ اس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایکواڈور کو شکست سے دوچار کردیا۔ اسماعیلہ سار نے 44ویں منٹ میں پنالٹی کو گول میں بدل کر سینیگال کو برتری دلائی لیکن 67ویں منٹ میں ایکواڈور کے لیے موسیس نے گول کر کے اسکوربرابر کر دیا۔ تاہم تین منٹ بعد کالیڈو کولیبالی کے ہیڈر نے سینیگال کی برتری بحال کر دی جسے وہ آخری سیٹی تک برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔دو جیت اور ایک ہار کے ساتھ، افریقی چمپئن سینیگال قطر میں جاری ایڈیشن میں گروپ اے میں ہالینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ راؤنڈ آف 16 فکسچر میں، سینیگال کا مقابلہ گروپ بی کے ٹاپر سے ہوگا۔چار سال قبل روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں سینیگال دل دہلا دینے والے انداز میں ناک آؤٹ میں جگہ بنانے سے چوک گیا تھا۔ کیونکہ وہ پوائنٹس پر گروپ مرحلے کے دوران جاپان کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہنے کے بعد ڈسپلنری ریکارڈ کی بنیاد پر باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی تھی۔سینیگال نے 2002 میں ورلڈ کپ میں قدم رکھا تھا جہاں اس نے اپنے پہلے گروپ میچ میں اس وقت کے دفاعی چمپئن فرانس کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ اسے آخر کار ایڈیشن کے کوارٹر فائنل میں ترکی سے 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی میزبانی جنوبی کوریا اور جاپان نے کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ قومی ٹیم کے موجودہ کوچ 2002 کے اسکواڈ کے کپتان تھے۔افریقی ملک، جسے ’لائنز آف ترنگا‘ کا نام دیا جاتا ہے، کو 2018 میں اپنے دوسرے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں 16 سال انتظار کرنا پڑا۔دوسری طرف نیدر لینڈ نے قطر کو 2-0سے شکست دے کر اگلے مرحلے کا ٹکٹ حاصل کرلیا ہے۔ نیدر لینڈ دو جیت اور ایک ڈرا کھیل کر سات پوائنٹس کے ساتھ ناک آئوٹ میں داخل ہوا ہے۔ میزبان قطر کی ٹیم کوئی بھی میچ نہیں جیت پائی اور تینوں میچ ہار کر سب سے نچلے مقام پر رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS