وارانسی، (پی ٹی آئی):اترپردیش کے وزیر دھرم پال سنگھ نے منگل کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے عزم کے مطابق ریاست میں مدرسہ کے طلبا کو ریاضی، سائنس اور دیگر موضوعات پڑھائے جائیں گے تاکہ وہ افسر بن سکیں۔ صحافیوں سے بات چیت میں ریاست کے مویشی پروری، سیاسی پنشن، اقلیتی بہبود، مسلم وقف و حج اور سول سکیورٹی کے وزیر دھرم پال سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے عزم کے مطابق وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش کو اتم پردیش بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم مودی کی منشا اقلیتی طلبا کے ”ایک ہاتھ میں قرآن تو دوسرے میںلیپ ٹاپ ہو“ کے مطابق مدرسوں میں پڑھنے والے اقلیتی بچوں کو اب ہندی، ریاضی سائنس اور سوشل سائنس وغیرہ موضوعات کی تعلیم دی جائے گی۔ جس سے وہ صرف دین (مذہب) کی پڑھائی کر کے مولوی نہ بن کر اب آئی اے ایس، پی سی ایس، انجینئر اور ڈاکٹر بنے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’اب حضور (افسر) کے بچے ہی حضور نہیں، بلکہ مزدور کے بچے بھی حضور بنیں گے۔‘ سنگھ منگل کو اپنے وارانسی دورے کے دوران سرکٹ ہاﺅس میں محکمہ جاتی حکام کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش کے سبھی اسمبلی حلقوں میں ایک ایک وسیع گوونش استھل بنایا جائے گا جس میں 2 سے 4 ہزار گوونش پناہ لے سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کے غیر قانونی قبضے والی زمینوں کو خالی کرا کے اس پر اسکول، اسپتال اور پارک بنوائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ضلع کے غیر منظور شدہ مدرسوں کا ضلع سطح سہ رکنی کمیٹی کے ذریعہ سروے کیا گیا جس میں غیر منظور شدہ کل 99 مدرسے روشنی میں آئے، ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ وارانسی کی ہدایت کے مطابق ضلع کے 108 منظور شدہ اور سرکاری گرانٹ یافتہ مدرسوں کی بھی تصدیق کی گئی۔ وزیر نے بتایا کہ سرکاری گرانٹس یافتہ مدرسوں کے اساتذہ/ غیر تدریسی اہلکاروں کی تنخواہ وغیرہ کی ادائیگی مستقل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ منی آئی ٹی آئی کے انسٹرکٹرس/اہلکاروں کو تنخواہ وغیرہ کی ادائیگی کے تحت ضلع میں 3 مدرسوں میں منی آئی ٹی آئی اسکیم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ منی آئی ٹی آئی میں کمپیوٹر آپریٹر اینڈ پروگرامنگ اسسٹنٹ (کوپا)، سلائی-کٹائی، الیکٹرونکس، الیکٹریشین، ریفریجریشن اور ایئر کنڈیشننگ وغیرہ کی تربیت دی جاتی ہے۔
یوپی:مدرسہ کے طلبا کو ریاضی، سائنس ودیگر سبجیکٹ بھی پڑھائے جائیں گے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS