آدم پور کے لوگوں نے بی جے پی کے نظریے پر اپنی مہر ثبت کر دی:منوہرلال

0

نعیم خان
چنڈی گڑھ(ایس این بی): وزیر اعلیٰ منوہر لال نے بھوویہ بشنوئی کو ہریانہ کے آدم پور اسمبلی حلقہ میں ہوئے ضمنی انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آدم پور میں کمل کھلا کر ’شاندار‘ جیت دلانے کے لیے علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ نے بھی بھوویہ بشنوئی کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی جیت سے حکومت کے عوام دوست کاموں پر عوام کی مہر لگ گئی ہے۔
منوہر لال نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں، عوام کے اعتماد اور تمام کارکنوں کی محنت کی جیت ہے۔ منوہر لال نے کہا کہ آدم پور حلقے کو اب بھوویہ بشنوئی کی شکل میں ایک نوجوان ایم ایل اے ملا ہے، جو یقینی طور پر علاقے کی ترقی کے لیے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آدم پور ضمنی انتخابات میں ہمارے امیدوار کی جیت نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ ریاست کے عوام نے بلا تفریق ذت پات مساوی ترقی کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نظریے کی تصدیق کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بھوویہ بشنوئی کی جیت پر کلدیپ بشنوئی کو بھی مبارکباد دی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہریانہ میں ڈبل انجن والی حکومت نے ریاست میں ترقیاتی کام کروا کر ریاست کی حالت اور سمت کو پوری طرح سے بدل دیا ہے۔ موجودہ ریاستی حکومت نے بدعنوانی، ذات پرستی اور جرائم پر لگام لگا کر شہریوں کو صاف ستھرا انتظام فراہم کیا ہے۔ نظام کو بدل کر گڈ گورننس قائم کی گئی ہے جس کے نتیجے میں آج ریاست کا ہر طبقہ ہماری حکومت سے مطمئن ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج عوام نے آدم پور میں ایک بار پھر ہمارے امیدوار کو فتح دلاکر اسمبلی میں پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جب سال 2014 میں پہلی بار مرکز میں این ڈی اے کی حکومت بنی تھی، تب سے وزیر اعظم نے سماج میں پھیلی بدعنوانی، اقربا پروری اور ذات پرستی جیسی برائیوں پر حملہ کیا اور آج ہندوستان ان برائیوں سے پاک ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستان کا امیج عالمی سطح پر مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز میں حکومت کے قیام کے بعد سے ہی ملک کی دیگر ریاستوں میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ہماری حکومت مسلسل بن رہی ہے اور تمام ریاستی حکومتیں اس وژن پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن مکمل طور پر کمزور ہو چکی ہے، ان کے پاس کوئی ایشو نہیں بچا، جس پر وہ جا کر عوام کے درمیان بات کر سکیں۔ آج اپوزیشن کا کام صرف اپوزیشن کی وجہ سے حکومت کے ہر عمل کی مخالفت کرنا ہے۔ منوہر لال نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی ہریانہ میں تیسری اننگز ضرور کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ’ہریانہ ایک – ہریانوی ایک‘ کی سوچ کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS