گجرات میں اسمبلی الیکشن کا اعلان، 2مرحلوں میں ووٹنگ

0

نئی دہلی،(اظہارالحسن/ایس این بی) :ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے اعلان کے تقریباً15دن بعد آج گجرات اسمبلی انتخابات کا بگل بج گیا۔ گجرات اسمبلی انتخابات کےلئے پولنگ 2 مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہماچل پردیش کے ساتھ ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعرات کو یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی کل 182 رکنی اسمبلی کےلئے پہلے مرحلے میں 89 نشستوں اور دوسرے مرحلے میں 93 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس دوران الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے اور کمیشن کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا، لیکن گجرات اسمبلی انتخابات کا اعلان نہیں کیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے گجرات انتخابات کے اعلان میں تاخیر پر اپوزیشن کی طرفداری کی تنقید کو بھی ایک طرف رکھتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو موسم، اسمبلی کی میعاد کی آخری تاریخ اور ماڈل ضابطہ اخلاق سمیت کئی عوامل میں توازن رکھنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات قانون ساز اسمبلی کی مدت 18 فروری 2023 کو ختم ہو رہی ہے اور انتخابات کا اعلان 110 دن پہلے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت سے عوامل کا مجموعہ ہے اور ان سب کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان عوامل میں پڑوسی ریاستوں کے انتخابات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ انتخابات کا اعلان کچھ دن پہلے ہو سکتا تھا لیکن موربی کے واقعہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاست میں ہونے والے حادثے کو بھی ذہن میں رکھنا تھا۔ یہ بھی تاخیر کا ایک عنصر تھا۔ بدھ کو گجرات میں ریاستی سوگ تھا۔ تو اس میں بہت سے عوامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری سے متعلق ایک سوال پر کمار نے کہا کہ بڑی تعداد میں اسمبلی انتخابات نے چونکا دینے والے نتائج دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کتنی ہی وضاحت کردوں، ضروری یہ ہے کہ نتائج صحیح آئیں۔ بہت سے لوگ آزادی کے بعد ہی سے الیکشن کمیشن کے اعلانات پر تنقید کرتے رہے ہیں اور ان کا جواب انتخابی نتائج سے مل گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کےلئے بالترتیب 5 نومبر اور 10 نومبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے کے تحت نامزدگی کی آخری تاریخ 14 نومبر اور دوسرے مرحلے کےلئے 17 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 18 نومبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ بالترتیب 17 نومبر (فیز I) اور 21 نومبر (فیز II) رکھی گئی ہے۔ گجرات میں 4.9 کروڑ سے زیادہ ووٹر ہیں اور ان میں سے 4.6 لاکھ ووٹر پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ الیکشن کمیشن ریاست میں 51,782 پولنگ اسٹیشن قائم کرے گا۔ ان میں سے 34,276 پولنگ اسٹیشن دیہی علاقوں میں ہونے چاہئیں۔ شہری علاقوں میں 17,506 پولنگ اسٹیشن ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گجرات میں گزشتہ 6 اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے لگاتار جیت درج کی ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 99 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ کانگریس کو 77 سیٹیں ملی تھیں۔ فیصد کے لحاظ سے اس الیکشن میں بی جے پی کو 49.05 فیصد ووٹ ملے، جبکہ کانگریس کو 42.97 فیصد ووٹ ملے۔ کانگریس کے کئی ایم ایل اے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ اس کی وجہ سے اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی تعداد بڑھ کر 111 ہوگئی، جبکہ کانگریس ارکان کی تعداد گھٹ کر 62 ہوگئی۔ دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی بھی اس بار کے اسمبلی انتخابات میں اپنی طاقت دکھانے والی ہے۔ پنجاب اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اب تک درجنوں بار اس ریاست کا دورہ کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی گزشتہ کچھ عرصے سے گجرات اور ہماچل پردیش کا دورہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے گجرات میں سیکڑوں کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیادبھی رکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS