اعظم خان کی اسمبلی رکنیت ختم

0

لکھنئو (ایس این بی) : ایس پی کے قدآور لیڈراور سابق وزیر محمد اعظم خان کی اسمبلی کی رکنیت ختم ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مود ی کے خلاف نازیبا تبصرہ کے معاملہ میں 3سال کی سزا پائے محمد اعظم خان کی اسمبلی سیٹ کو قانون ساز کونسل میں جمعہ کو خالی قرار دے دیاگیا۔مذکورہ اطلاع اسمبلی سکریٹریٹ نے الیکشن کمیشن کو بھی بھیج دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اعظم خان رامپور اسمبلی حلقہ کے ممبر اسمبلی تھے۔ اعظم خان کو جمعرات کو ہی رامپور کی ایم پی/ ایم ایل اے عدالت نے لوک سبھا الیکشن2019 میں وزیر اعظم کے خلاف نازیبا تبصرہ کے معاملہ میں قائم مقدمہ میں سماعت کرتے ہوئے انہیں 3 سال کی سزا سنائی۔ سزا کے ساتھ ہی عدالت نے اعظم خان پر25 ہزارروپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی تھی۔ عدالت نے مسٹر خان کو مختلف طبقات کے درمیان دشمنی، نفرت پھیلانے کا قصور وار مانا۔ اسمبلی سکریٹریٹ کے افسران کے ذرائع کے مطابق اعظم خان کے معاملہ میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے رامپور ایم پی/ ایم ایل اے کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر یوپی اسمبلی میں رامپور سیٹ کو خالی قرار دے دیاگیاہے۔اسمبلی سکریٹریٹ نے سیٹ خالی ہونے کی اطلاع جمعہ کو ہی چیف الیکشن افسر کے ذریعہ الیکشن کمیشن کو بھی بھیج دی ہے۔رامپور سیٹ سے اعظم خان2022 کے اسمبلی کے الیکشن میں منتخب ہوئے۔ ایم ایل اے منتخب ہونے کے وقت اعظم خان رامپور سے ہی لوک سبھا کے رکن تھے مگرایم ایل اے منتخب ہونے پر انہوںنے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیاتھا۔
اس صورتحال میں رامپور اسمبلی سیٹ پر اب ضمنی الیکشن ہوگا۔ واضح رہے کہ اعظم خان مختلف معاملات میں ہائی کورٹ سے لیکر سیشن کورٹ تک مقدمات کا سامان کر رہے ہیں۔ ایک معاملہ میں انہیں تقریباً26 ماہ تک سیتا پور کی جیل میں بھی رہنا پڑا۔ اس معاملہ میں سپرم کورٹ سے انہیں ضمانت ملنے پر رہائی ملی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS