ناشپاتی کی افادیت

0

ناشپاتی دنیا بھر میں کھایا جانے والا لذیذ اور زود و ہضم پھل ہے۔اس کی تقریباً تین ہزار 3000 سے زیادہ اقسام ہیں۔ جن کی شکل سائز اور ذائقہ ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ اس کا نباتاتی نام پائرس ہے۔ البتہ جو اقسام دنیا بھر میں زیادہ کاشت کی جاتی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔
اس پھل کے درخت درمیانے درجے کے ہوتے ہیں جن کی لمبائی 10 تا 17 میٹر یعنی 33 تا56 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس پرسفید رنگ کے پھول کھلتے ہیں جو آنکھوں کو خوش نما معلوم ہوتے ہیں۔ یہ یورپ شمالی افریقہ اور ایشیا کے ساحلی علاقوں کا خوب صورت پھل ہے۔ یہ موسم گرما کا پھل ہے جو گرمی کے آخری مہینے اکتوبر تک دست یاب ہوتا ہے۔اس کا گودا سفید، چھلکا سخت اور ہرے رنگ کا ہوتا ہے۔ ذائقے کے اعتبار سے یہ پھل کھٹا میٹھا اور رس دار ہوتا ہے۔ اسے چھلکے سمیت کھانا چاہیے کیوںکہ اس کے چھلکے میں چھے گنا زیادہ پولی فینول موجود ہوتا ہے۔ اس کی شکل سیب اور امرود سے ملتی جلتی ہے۔چین میں اس کی کاشت تقریبا دو ہزار 2000 سال سے کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن شماریات ڈویڑن کے مطابق ناشپاتی کی عالمی پیداوار 23.7 ملین میٹرک ٹن ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بہت زیادہ کم زور ہیں انہیں ناشپاتی کا استعمال ضرور کرنا چاہیے۔ اس میں پایا جانے والا گلوکوز فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔ دنیا کے جن ممالک میں ناشپاتی کی کاشت بہت زیادہ ہوتی ہے ان میں چین ، ریاست ہائے متحدہ امریکا، اٹلی، ارجنٹائن اور ترکی کے نام شامل ہیں۔
سو گرام 100ناشپاتی میں اس کی غذائی مقدار کچھ یوں ہے۔ پانی 88 گرام ، کلوریز 57 ، کاربوہائیڈریٹس 15.23 گرام ، شکر 9.75 گرام ، غذائی ریشہ 3.1 گرام، فیٹ 0.14 گرام ، پروٹین 0.36 گرام، تھایامین B1 0.012 ملی گرام ، رائبو فلیون B2 0.026 ملی گرام ، فولیٹ B9 سات مائیکرو گرام ، وٹامن B6 0.029 ملی گرام، وٹامن سی 4.3 ملی گرام ، وٹامن ای 0.12 ملی گرام ، وٹامن کے 4.4 مائیکرو گرام، کیلشیئم 9 ملی گرام ، آئرن 0.18 ملی گرام ، مگنیشیم 7 ملی گرام ،فاسفورس 12 ملی گرام ، پوٹاشیئم 116 ملی گرام ، سوڈیم 1 ملی گرام ، میگنیز 0.048 ملی گرام پائی جاتی ہے۔اب اس کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
q کینسر سے بچاؤ:ناشپاتی میں بہت سے طاقت ور پودوں کے مرکبات پائے جاتے ہیں جو کینسر سے لڑنے کی خصوصیت رکھتے ہیں۔ ناشپاتی فلیونائڈ سے بھرپور پھل ہے۔ دیگر مرکبات میں اینتھوسیانن اور سینا مک ایسڈ پایا جاتا ہے۔ یہ مرکبات مختلف قسم کے کینسر مثلاً بریسٹ کینسر، رحم، پھیپھڑوں معدہ، اور بڑی آنت کے کینسر کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
q ذیابیطس ٹائپ:ناشپاتی کی خاص طور پر سرخ قسمیں ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتی ہیں، کیوں کہ سرخ ناشپاتی اینتھوسیانِن سے بھرپور ہونے کی وجہ سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ تقریباً 23 فی صد تک کم کر دیتی ہے۔اس میں موجود فائبر ہاضمے کو سست کر دیتا ہے جس سے جسم کے کاربوہائیڈریٹ کو ٹوٹنے اور جذب کرنے میں زیادہ وقت ملتا ہے۔ اس سے بلڈ شوگر کی سطح کم ہوجاتی ہے۔ ناشپاتی میں موجود فلیوونائڈ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتے ہیں، جس سے مردوں اور خواتین میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
q جسمانی توانائی کی بحالی:ناشپاتی میں موجود گلوکوز کی مقدار کم زوری دور کرکے فوراً توانائی فراہم کرتی ہے، کیوںکہ گلوکوز جسم میں بہت جلد جذب ہو کر توانائی کی شکل میں ڈھل جاتا ہے۔
q حاملہ خواتین:ناشپاتی میں فولک ایسڈ پایا جاتا ہے جو دوران حمل بہت مفید ہے۔ فولک ایسڈ بچے کو پیدائشی کمزوری سے بچاتا ہے۔
q وزن میں بدتریج کمی:ناشپاتی میں کلوریز بہت کم، فائبر بہت زیادہ اور پانی کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ فائبر اور پانی پیٹ کے بھرے ہونے کا احساس فراہم کرتے ہیں۔
q دل کے امراض سے تحفظ:ناشپاتی میں موجود پروسیلڈین اینٹی آکسیڈینٹ دل کی بافتوں میں سختی کو کم کرتے ہیں۔ یہ ایل ڈی ایل خراب کولیسٹرل کو ٹھیک اور ایچ ڈی ایل (HDL) کی سطح کم کرتے ہیں۔ اس کے چھلکے میں کورستین ( Quercetin) اینٹی اوکسیڈنٹ پایا جاتا ہے۔یہ سوزش کم کرکے مختلف بیماریوں جیسے ہائی بلڈ پریشر اور فالج سے بچاتا ہے۔
q ہڈیوں کا خستہ ہونا:ناشپاتی جسم کے پی ایچ لیول کو برقرار رکھتی ہے۔یہ جسم میں کیلشیئم کی مقدار پوری کرکے ہڈیوں کو صحت مند رکھتی ہے اور خاص طور پر آسٹیوپوروسس جیسے امراض سے تحفظ دیتی ہے۔
q خون کی کمی:ناشپاتی خون کی کمی اور معدنیات کی کمی والے مریضوں کے لیے نعمت خداوندی ہے۔ اس میں کاپر اور آئرن کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ آئرن خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ کرتا ہے جبکہ کاپر معدنیات کے اخراج کو آسان بناتا ہے۔
q چھوٹے بچے:ناشپاتی دودھ چھڑانے والے بچوں کے لیے بہت مفید ہے، کیوںکہ یہ ہائپو الرجینک (Hypoallergenic ) اور کم تیزابیت والا پھل ہے۔ یہ ہضم کے فعل میں کوئی مشکل پیدا نہیں کرتا۔
q قوت مدافعت بڑھانے کے لیے:امریکن جرنل آف کلینکل کے مطالعے کے مطابق وٹامن سی قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔ بلاشبہ وٹامن سی مختلف انفیکشنز نزلہ، زکام، کھانسی، فلو اور دیگر امراض سے بچاتا ہے۔
q سوزش کم کرنے کے لیے:ناشپاتی میں موجود فلیوونائڈ جیسے اجزا سوزش کے اثرات کم کر کے درد ،گٹھیا اور سختی کو دور کر دیتے ہیں۔اس میں کلوروجینک ایسڈ، وٹامن اے، بی بیٹاکیروٹین، لیوٹین، زیکسنتھین جیسے اجزاء مختلف قسم کے کینسر سے بچاتے ہیں۔
q قبض سے نجات:ناشپاتی فائبر سے بھرپور پھل ہے۔ یہ وہ جز ہے جو آنتوں کے فعل کو باقاعدہ بنا کر قبض سے بچاتا ہے۔
q موٹاپـے سے نجات:جو لوگ روزانہ ناشپاتی کھاتے ہیں۔ ان میں تقریباً 35 فی صد موٹاپے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ اگر اسے مسلسل تین ماہ تک استعمال کیا جائے تو وزن میں تقریباً تین سے پانچ کلو کمی آجاتی ہے۔
lvl

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS