شروع ہوگئی ہندی میں ایم بی بی ایس کی تعلیم ،شاہ نے جاری کی نصابی کتابیں

0

بھوپال، (پی ٹی آئی ) : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو مدھیہ پردیش میں ملک میں پہلی بار ہندی میں ایم بی بی ایس کورس کا آغاز کیا۔اس موقع پر انہوں نے ہندی میں طبی تعلیم فراہم کرنے کے مدھیہ پردیش حکومت کے مہتوکانکشی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر ایم بی بی ایس کی کتابوں کو پیش کیا۔ پہلے سال کی 3 ہندی کتابیں بھی جاری کیں۔ ملک میں یہ پہلا موقع ہے، جب ایم بی بی ایس کی نصابی کتابیں ہندی میں شائع ہوئی ہیں اور اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے آج سے ہندی میں ایم بی بی ایس کورس شروع کیا ۔جو ہندی میں نصابی کتب جاری کی گئی ہیں ، ان کے نام ہیں اناٹومی، فزیالوجی اور بائیو کیمسٹری۔ 97 ڈاکٹروں کی ٹیم نے مشہور انگریزی کتابوں کا ہندی میں ترجمہ کیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی طبی تعلیم کے وزیر وشواس سارنگ نے کتابوں کا اجرا کیا۔اس موقع پر شاہ نے کہاکہ آج مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ہندی میں طبی تعلیم شروع کر کے وزیر اعظم مودی کے اس عزم کو پورا کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آزادی کے امرت تہوار کے سال میں آج کا دن ہندوستان کے طبی شعبے کےلئے بہت اہم ہے۔ آنے والے وقت میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ آج ملک کے تعلیمی شعبے کی نشاة ثانیہ اور تعمیر نو کا دن ہے۔
شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی تعلیمی پالیسی میں پرائمری، ٹیکنیکل اور میڈیکل ایجوکیشن وغیرہ میں بچے کی مادری زبان کو اہمیت دیتے ہوئے ایک بہت ہی تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ مدھیہ پردیش کی شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے سب سے پہلے وزیر اعظم کی یہ خواہش پوری کر دی ہے۔ شاہ نے کہاکہ آج میڈیکل کی تعلیم ہندی میں شروع ہو رہی ہے۔ اور جلد ہی انجینئرنگ کی تعلیم بھی ہندی میں شروع ہو جائے گی۔ ملک بھر میں انجینئرنگ کی کتابوں کا 8 زبانوں میں ترجمہ شروع ہو گیا ہے اور جلد ہی ملک کے تمام طلبااپنی مادری زبان میں ٹیکنیکل اور میڈیکل کی تعلیم لینا شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج کا دن اہم ہے، کیونکہ آج سے ہمارے بچے نہ صرف اپنی مادری زبان میں تکنیکی اور طبی تعلیم حاصل کریں گے، بلکہ وہ اپنی زبان میں مزید تحقیق بھی کر سکیں گے۔ مدھیہ پردیش نے اس پالیسی کو زمین پر اتار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مودی جی کی قیادت میں ہم نے نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعے اپنی زبانوں کو اہمیت دینا شروع کر دیاہے۔ ہم نے ملک کی 12 زبانوں میں جے ای ای ، این ای ای ٹی اور یوجی سی امتحانات کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح کامن یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ ملک کی 13 زبانوں میں لیا جا رہا ہے اور 10 ریاستوں نے انجینئرنگ کورسز کو تامل، تلگو، مراٹھی، بنگالی، ملیالم اور گجراتی میں ترجمہ کر کے پڑھانا شروع کر دیا ہے ۔ شاہ نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے تکنیکی اور طبی تعلیم کے میدان میں بہت سی تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں میڈیکل کالجز کی تعداد 387 تھی جو بڑھ کر 596 ہو گئی ہے، ایم بی بی ایس کی سیٹوں کی تعداد 51 ہزار سے بڑھا کر 89 ہزار کر دی گئی ہے۔
شاہ نے کہا کہ 16 آئی آئی ٹی تھے جو اب 23 ہوگئے ہیں، آئی آئی ایم 13 تھے جو اب 20 ہیں اور آئی آئی آئی ٹی 9تھے جو اب بڑھ کر 25 ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں ملک میں کل یونیورسٹیوں کی تعداد 723 تھی جنہیں بڑھاکر 1043 کرنے کاکام مودی حکومت نے یہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS