پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ کی میڈیا سے گفتگو
حیدرآباد۔ (یواین آئی) :تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے ریمارک کیا ہے کہ وزیراعظم نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کو ایک سال کے باوجود ہنوز پورانہیں کیا جس کیلئے انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔انہوں نے سابق وزیر سی لکشما ریڈی، پی یو سی چیئرمین اے ۔ جیون ریڈی، ایم پی پربھاکر ریڈی، ایم ایل اے اے وینکٹیشور ریڈی، سابق میئربی رام موہن، سابق ایم ایل سی سرینواس ریڈی کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے دور حکومت میں ملک کے عوام کی بھوک میں اضافہ ہوا ہے ۔گلوبل ہنگر انڈیکس میں ہماری پوزیشن 107تک گر گئی ہے ۔ملک کے حالات پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے زیادہ خراب ہو چکے ہیں۔بی جے پی تلنگانہ کے قیام کے بعد سے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے ۔ مودی نے تلنگانہ کی تشکیل پر پارلیمنٹ میں سوالیہ انداز میں بات کی۔یہ کہتے ہوئے کہ بی جے پی نے ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھا دی ہیں،انہوں نے کہاکہ اس سے غریبوں کی کمرٹوٹ گئی ہے ۔ہریش راو نے ریمارک کیا کہ نیتی آیوگ نے مشن کاکتیہ کو مشن بھاگرتاکیلئے فنڈس کی سفارش مرکزی حکومت سے کی تھی تاہم بی جے پی حکومت نے 26پیسے بھی نہیں دیئے ۔انہوں نے حلقہ منوگوڑو کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران جھوٹے وعدے کرنے کا بی جے پی پر الزام لگایا اورکہاکہ قبل ازیں ریاست کے دونشستوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔انہوں نے کہاکہ نلگنڈہ جدوجہد کی سرزمین ہے ، یہاں بی جے پی کا کھیل نہیں چلے گا۔انہوں نے کہاکہ دوباک اور حضورآباد کے ضمنی انتخابات کے ساتھ ساتھ گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے انتخابات کے موقع پر بھی بی جے پی نے جھوٹے وعدے کئے تھے ۔ان وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ کو پورانہیں کیاگیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں تین ہزار روپئے وظیفہ دینے کا وعدہ بی جے پی نے کیا تھا۔انہوں نے سوال کیاکہ کیا یہ وعدہ پورا ہوا ہے ۔اب زعفرانی جماعت کے لیڈران کہہ رہے ہیں کہ منوگوڑہ اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کی کامیابی پر تین ہزارروپئے وظیفہ ضعیف افراد اوردیگر کو دیاجائے گا۔ہریش راو نے کہاکہ ریاستی حکومت ضعیفوں، تنہازندگی گذارنے والی خواتین اوردیگر کو 2016روپئے وظیفہ دے رہی ہے ۔انہوں نے پوچھا کہ اگر بی جے پی کے لیڈروں میں ہمت ہے تو بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں 3ہزار وظیفہ دیں اور یہاں آکر اس کا وعدہ کریں۔انہوں نے کہاکہ مودی کی اپنی ریاست میں ضعیف افراد کو وظیفہ 750روپے بھی نہیں دیاجاتا، کیا یہاں بی جے پی لیڈران 3ہزار وظیفہ دیں گے ؟انہوں نے کہاکہ مہاراشٹر میں، کرناٹک میں 700روپے پنشن دی جاتی ہے ۔منوگوڑو میں بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی تین ہزارروپئے وظیفہ دینے کا وعدہ کرکے ایک بار پھر دھوکہ دے رہے ہیں۔
کسانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورانہ کرنے پروزیراعظم معافی مانگیں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS