لکھیم پور : کچی دیوار منہدم، پانچ بچے دب گئے

0

لکھیم پور کھیری (ایس این بی) : کوتوالی لکھیم پور حلقہ کے موضع باجپئی میں آج صبح گھر کی کچی دیوار منہدم ہو گئی- دیوار کے ملبہ کے نیچے پانچ بچے دب گئے- بچوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے- کافی مشقت سے ملبہ ہٹایا گیا لیکن تب تک دو بچوں کی دردناک موت ہو چکی تھی- تین بچے شدید طور سے زخمی ہوگئے ہیں- ڈی ایم اور ایس پی نے مہلوکین بچوں کے گھر جاکر اہل خانہ کو ڈھارس بندھایا اور اسپتال پہنچ کر زخمی بچوں کی خیریت دریافت کی ہے-
تفصیلات کے مطابق کوتوالی لکھیم پور کے تحت موضع باجپئی میں رہنے والے امید (8) ولد شمس الدین، محمد شاذیب (9) ولد مہتاب، شعبان (10) ولد عرفان، کفیل (12) ولد نثار اور صائمہ (8) دختر سلمان گاؤں میں دلبری زوجہ عزیز کے گھر کے قریب کھیل رہے تھے- اتوار کو آٹھ گھنٹے ہوئی مسلسل بارش کے سبب دلبری کے گھر میں کچی دیوار بھیگی ہوئی تھی- دیوار پر چھپر بھی پڑا تھا- اچانک دیوار ریت کی طرح مع چھپر منہدم ہوگئی- دیوار کے قریب کھیل رہے سبھی پانچوں بچے ملبہ کے نیچے دب گئے- بچوں کی چیخ و پکار اور دیوار گرنے کی آواز سن کر کثیر تعداد میں لوگ موقع پر پہنچ گئے- بغیر تاخیر کیے کافی مشقت سے دیوار کا ملبہ اور چھپر ہٹایا گیا- جب تک ملبہ ہٹا کر بچوں کو باہر نکالا جاتا تب تک دو بچوں محمد شاذیب اور امید کی موت ہو چکی تھی- صائمہ کفیل اور شعبان شدید طور پر زخمی ہوگئے- حادثہ کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا- زخمی بچوں کو علاج کیلئے اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے- حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ مہندر بہادر سنگھ، ایس پی سنجیو سمن، اے ڈی ایم سنجے سنگھ، ایڈیشنل ایس پی ارون سنگھ، ایس ڈی ایم شردھا سنگھ سمیت ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے- ضلع مجسٹریٹ و ایس پی نے ہلاک ہونے والے بچوں کے ورثاء کو ڈھارس بندھایا- اسپتال پہنچ کر افسران نے بچوں کے علاج معقول علاج کی ہدایت دی ہے-

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS