دہلی ایکسائز پالیسی گھپلہ:ای ڈی نے پورے ملک میں 40 مقامات پر چھاپے مارے

0

نئی دہلی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نئی دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ کے لیے جمعہ کو پورے ملک میں کئی مقامات پر تلاشی لی۔ ذرائع نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ بنگلورو سمیت پورے ملک میں تقریباً 40 مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 10 دنوں کے اندر ای ڈی اس معاملے میں ایک اور بڑی کارروائی کرنے والا ہے ۔ 6 ستمبر کو ای ڈی نے پورے ملک میں کئی مقامات پر اسی طرح کے چھاپے مارے تھے ۔ یہ چھاپہ ماری مختلف ریاستوں میں 35 مقامات پر مارے گئے ۔ اس مہینے کے شروع میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اسی معاملے کے سلسلے میں غازی آباد میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے بینک لاکرز کی تلاشی لی تھی۔ اس سے قبل ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 14 گھنٹے تک سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں مسٹر سسودیا اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مبینہ شراب پالیسی گھپلے میں مبینہ اسٹنگ آپریشن کا ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے ایک دن بعد مسٹر سسودیا نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ انہیں گرفتار کرے اور اس ویڈیو کی سچائی پر بھی سوال اٹھایا۔ جمعرات کو مسٹر سسودیا نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ سازش رچ رہی ہے اور مبینہ سازش کے تحت اسٹنگ ویڈیوز کو منظر عام پر لا رہی ہے ۔ مسٹر سسودیا نے ٹویٹ کیاکہ ’سی بی آئی-ای ڈی تحقیقات سے کچھ نہیں نکلا، ایک اور اسٹنگ۔‘نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’بی جے پی کو فوری طور پر اس اسٹنگ کو سی بی آئی کے حوالے کرنا چاہیے ۔ اگر سی بی آئی کو اس میں سچائی ملتی ہے تو مجھے چار دن میں گرفتار کیا جائے ۔ بصورت دیگر یہ مان لیا جائے کہ یہ وزیراعظم کے دفتر میں رچی گئی سازش ہے اور وزیراعظم کو اس پر معافی مانگنی چاہیے ۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS