نئی دہلی (ایس این بی ) دہلی میونسپل کارپوریشن کے شاہدرہ ساؤتھ زون میں کام کرنے والے ایک جونیئر انجینئر کو سی بی آئی نے کل بدھ کے روز حراست میں لیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سی بی آئی نے جے ای کو رشوت لیتے ہوئے پکڑا ہے۔ جے ای کو حراست میں لینے کے بعد سی بی آئی کی ٹیم پٹپڑ گنج واقع شاہدرہ ساؤتھ زون کے دفتر پہنچی اور دفتر میں موجود فائلوں کی جانچ بھی کی۔ ذرائع کے مطابق ایک شخص نے ملزم جے ای پر بلڈنگ کی تعمیر کروانے کے نام پر رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور اس کی شکایت سی بی آئی سے کی تھی۔ سی بی آئی نے شکایت درج کرکے تفتیش شروع کی اور بدھ کے روز جے ای کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سی بی آئی کے ریڈار پر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے کچھ اور اہلکار بھی ہیں۔ اس سلسلے میں سی بی آئی نے جونیئر انجینئر اجے کمار کو 40,000 روپے کی رشوت لینے کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے۔ تلاشی کے دوران تقریباً 14.50 لاکھ روپے کی نقدی بھی سی بی آئی نے برآمد کی ہے اور مزید معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS