نئی دہلی (ایس این بی ) :عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر آتشی نے کہا کہ پوری دنیا کو اب بی جے پی کے آپریشن لوٹس کے بارے میں پتہ چل گیا ہے۔ نیویارک ٹائمز میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان میں جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے پہلے صفحہ پر اروند کجریوال کے تعلیمی انقلاب کی خبر آنے پر دنیا میں رہنے والے ہر ہندوستانی کو فخر ہوتا ہے۔ آج اسی اخبار میں وزیر اعظم کی خبر سے ہر ہندوستانی شرمندگی محسوس کر رہا ہے۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں آتشی نے کہا کہ ایک طرف سی ایم اروند کجریوال ہیں جو ہر ہندوستانی کا سینا فخر سے چوڑا کردیتے ہیں۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی ہیں جنہوں نے ہندوستان میں جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی ریاستی سرکاروں کو گرانے میں اپنی توانائی صرف کر رہے ہیں۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں بھی یہی کوشش کی ہے۔ آتشی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کو 20-20 کروڑ کی پیشکش کی۔ آج ملک میں دو ماڈل ہیں، پہلا کجریوال کا کام کا ماڈل اور دوسرا پی ایم مودی کا جمہوریت کو تباہ کرنے کا ماڈل۔ ملک میں مہنگائی، پیٹرول ڈیزل، بے روزگاری کا مسئلہ اپنے عروج پر ہے اور ملک کے وزیر اعظم کے پاس مسائل کے حل کے لیے وقت نہیں ہے۔
آتشی نے کہا کہ ہندوستان آج بحران سے گزر رہا ہے۔ ہندوستان کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔ غریب اور عام متوسط خاندان کے لیے اپنا گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اپنے عروج پر ہیں۔ بھارت میں بے روزگاری کا مسئلہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ملک نے اتنی بے روزگاری کبھی نہیں دیکھی۔ سب سے بڑے افسوس کی بات یہ ہے کہ اس ملک کے وزیر اعظم کے پاس اس ملک کے سنگین ترین مسائل کو حل کرنے کا وقت نہیں ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری کا مسئلہ کیسے حل کیا جائے۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی گرتی ہوئی قیمت کو کیسے روکا جائے؟
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS