سری نگر: (یو این آئی) جموں وکشمیر حکومت نے آئین ہند کی دفعہ311 کے تحت چار سرکاری ملازموں کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں نوکریوں سے بر طرف کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔نوکریوں سے بر طرف کئے جانے والوں میں متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کا بیٹا اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ لیڈر بٹہ کراٹے کی زوجہ شامل ہیں۔سرکاری حکمنامے کے مطابق دستیاب معلومات کی بنیاد پراور کیسوں کے حقائق و حالات کا جائزہ لینے کے بعد لیفٹیننت گورنر کو اطمینان ہوا ہے کہ مذکورہ ملازموں کی سرگرمیاں اس نوعیت کی ہیں کہ انہیں نوکریوں سے بر طرف کیا جائے۔
برطرف کئے جانے والے ملازموں میں کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سائنس داں ڈی ڈاکٹر محیط احمد بٹ ،شعبہ منیجمنٹ سٹیڈیز کے سینئر اسسٹننٹ پروفیسر ماجد حسین قادری، جے کے ای ڈی آئی کے آئی ٹی منیجر سید عبد المعید اور محکمہ دیہی ترقی کی ڈی پی او پبلسٹی اصابہ الا رجمند خان شامل ہیں۔سید عبدالمعید متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے ہیں جبکہ اصابہ الا رجمند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے لیڈر اور سابق جنگجو کمانڈر فاروق احمد دار المعروف بٹہ کراٹے کی زوجہ ہیں۔
جموں و کشمیر حکومت نے مزید چار ملازموں کو برف کر دیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS