تبصرہ : کتاب “تلاش”

0

کتاب۔۔۔۔۔۔ “تلاش”  مصنف۔۔۔۔ ممتاز مفتی  ممتاز مفتی

اردو ادب کا ایک ایسا چمکتا ستارہ ہیں ۔ جن کی تصانیف نے اردو ادب کو بہت تقویت بخشی ۔آپ کی تصانیف میں “الکھ نگری” ،”لبیک”،”علی پور کا ایلی”  اور “تلاش “وغیرہ شامل ہیں ۔آپ کے بارے میں کسی نے کہا تھا کہ “مردوں میں زندہ اور زندوں میں زندہ دل”.آپ کی یہ کتاب “تلاش ” اپنے اندر ایک ایسا حسن سمیٹے ہے کہ جسکا جوبن تا دیر قائم رہے گا۔ یہ کتاب مختلف چھوٹے چھوٹے مضامین پر مشتمل ہے ۔جس میں  ایک عام انسان کو اپنے رب سے تعلق مضبوط کرنے کی طرف ترغیب دلائی گئی ہے۔ کتاب میں سادہ مگر سحر انگیز الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جو کہ قاری کو اپنے حصار میں لے لیتے ہیں۔ اور یہ مصنف کی ایک بہت بڑی خوبی ہے۔کہ تمام مضامین کے اندر ایک ایسا ربط رکھا گیا ہے جو کہ قاری کو ایک مضمون کے اختتام پر اگلے مضمون کی پڑھائی کی پیشگی دعوت دے دیتا ہے۔ میری سمجھ کے مطابق کتاب کو تین بڑے عنوانات کے تحت ترتیب دیا گیا ہے۔جو کہ مندرجہ ذیل ہیں ۔ *الله عزوجل  *محمد صلی الله عليه وآلہ وسلم  *قرآن مجید  مصنف اپنے قاری کو اپنے الله ،اس کے رسول صلی الله عليه وآلہ وسلم اور اس کی کتاب قرآن مجید سے تعلق کو مضبوط کرنے کی کھل عام دعوت دیتا ہے۔ اس کتاب کے اندر ایسے علما جو کہ دین کو صرف عبادات تک محدود کرتے ہیں، جن کا پیغام صرف  الله تعالیٰ سے ڈرنا، اور قرآن مجید کو صرف ثواب کی نیت سے پڑھنے کا ہے  کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مصنف کے مطابق الله تعالیٰ اس قوت کا نام ہے جو کہ سراپا کرم ہے ۔ آپ اس سے جیسا گمان رکھیں گے ویسا پائیں گے۔ بقول شاعر  ڈرے ہوؤں نے تمہیں بھی ڈرا دیا ورنہ خدا تو پیار سکھاتا ہے کچھ نہیں کہتا مصنف  قاری کو حضور اکرم صلی الله عليه وآلہ وسلم سے سچے عشق اور   ان کے کردار کو اپنانے کی دعوت دیتاہے۔ حضور اکرم کی ذات ایک ایسی روشنی ہے جس سے سارے جہان روشن ہیں ۔  مصنف قرآن مجید کے متعلق بہت عمدہ سوچ کا پیرو ہے۔ اس کے مطابق قرآن صرف ایک کتاب ہی نہیں ۔بلکہ مکمل ضابطہ حیات ہے۔ سمجھ کر پڑھنے والا ہی اصل حکمت تک پہنچ سکتا ہے۔  اس کتاب میں اسلام کے متعلق غیر مسلموں کے بیانات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔۔ آخر میں میں آپ کو “تلاش” کو پڑھنے کیالتجا کروں گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS