گہلوت قومی کردار میں آئیں، اب اقتدار نوجوانوں کو سونپ دیں بزرگ لیڈران:آچاریہ پرمود

0

جے پور(ایجنسیاں) : کانگریس لیڈر اور پرینکا گاندھی کے قریبی آچاریہ پرمود کرشنم نے ایک بار پھر سچن پائلٹ کو وزیراعلیٰ بنانے کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ راجستھان کے لوگوں کا ماننا ہے کہ سچن پائلٹ کو 2018 میں وزیراعلیٰ بننا چاہئے تھا، لیکن کانگریس قیادت اور بڑے لیڈروں نے باہمی مشورہ سے فیصلہ کیا کہ خاندان کے سینئر اشوک گہلوت جی کو سربراہ بنایا جائے گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ بزرگ رہنما نوجوانوں کو اقتدار سونپیں۔ سیاست میں اتھل پتھل فطری ہے۔پرمود کرشنم نے کہاکہ یہ تخلیق کا قانون ہے، جسے ہم کہتے ہیں کہ تبدیلی دنیا کا قانون ہے۔ ایک سائیکلنگ ہے۔ نوجوانوں کو اقتدار دینا، نوجوانوں کو قیادت دینا کانگریس کے نظریہ میں ہمیشہ شامل رہا ہے۔ اشوک گہلوت نے خود کہا تھا کہ نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی ٰاشوک گہلوت نے کانگریس کی بہت خدمت کی ہے۔ وہ بہت سینئر لیڈر ہیں۔ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ پورے ملک میں ان کی عزت کی جاتی ہے۔ اب اانہیں قومی کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہماری 2024 کی جنگ پورے ملک کو بچانے کی ہے۔ گہلوت جی کو 2024 کی اس لڑائی میں قومی سطح پر آنا چاہیے۔ پورے ملک کو متحرک کیا جائے۔ پورے ملک کو متحرک کرنے کے لیے راہل گاندھی کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں۔
پرمود کرشنم نے کہاکہ سچن پائلٹ بہت سلجھے ہوئے انسان ہیں۔ اگر ان کو کوئی گالی بھی دیتا ہے تو اسے ہنس کر قبول کرلیتے ہیں۔پائلٹ بہت ذہین انسان ہیں، ان کا مستقبل روشن ہے۔ جہاں تک گروپ کا تعلق ہے، تو کانگریس قیادت کے فیصلے کے بعد پارٹی کا ہر ایم ایل اے، ہر کارکن اس فیصلے کا احترام کرے گا۔ کانگریس کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، ورنہ ملک خطرے میں ہے۔ جب ہم نوجوانوں کو آگے لائیں گے تو کانگریس مضبوط ہوگی۔ کانگریس تب مضبوط ہوگی جب سچن پائلٹ جیسے نوجوان کا احترام کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS