آخری ٹی-20میچ بارش کی نذر، سیریز 2-2 سے برابر

0

بنگلورو (یو این آئی) : ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی- 20 میچ اتوار کو بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے دہلی اور کٹک میں پہلے دو میچ جیتے جبکہ ہندوستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم اور راجکوٹ میں اگلے دو میچ جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی لیکن آخری میچ ختم ہونے کے بعد سیریز برابری پر ختم ہوئی۔ بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا لیکن کچھ دیر بعد دوبارہ بارش ہو گئی اور کھیل روک دیا گیا۔ جب بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا تو ہندوستان نے 3.3 اوور میں 28 رن پر اپنے دو وکٹ گنوا دیے تھے ۔ ایشان کشن 15 اور رتوراج گائیکواڈ 10 رن بنا کر لنگی سانی انگیڈی کا شکار بنے ۔ میچ کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 50 منٹ پر امپائرز نے منسوخ کر دیا تھا۔ میچ کی منسوخی کے بعد تمام کھلاڑی ڈریسنگ روم ایریا میں ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ امپائر بھی وہاں موجود تھے ۔ یہ مایوس کن ہے کہ فائنل میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ ہندوستان کے پاس جنوبی افریقہ کے خلاف گھر پر پہلی ٹی۔ 20 سیریز جیتنے کا اچھا موقع تھا۔ جنوبی افریقہ 2011 سے ہندوستان میں محدود اووروں کی سیریز میں غیر مفتوح رہی ہے۔ ہندوستانی فاسٹ بالر بھونیشور کمار کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا پلیئر آف دی سیریز قرار پانا فخر کی بات ہے ۔ میں اب مکمل طور پر فٹ ہوں۔ ٹیم میں میرا کردار اب بھی وہی ہے جو پہلے تھا۔ میں پاور پلے میں بالنگ کرتا ہوں۔ اس کے بعد میں آخری اووروں میں بھی بالنگ کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ ایک سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے تمام گیند بازوں سے بات کرنی ہوگی۔ ٹیم نے مجھے اپنے طریقے سے بالنگ کرنے کی مکمل آزادی دی تھی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان کیشو مہاراج نے کہا کہ ہم موسم کو کنٹرول نہیں کر سکتے لیکن پورے میچ کا نہ ہونا مایوس کن ہے ۔ ہم نے جس طرح سے پہلے دو میچ کھیلے وہ قابل تعریف ہے ۔ اگرچہ آخری دو میچ ہمارے لیے مایوس کن تھے لیکن ہمیں وہاں اچھا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ ہندوستانی کپتان رشبھ پنت نے کہا کہ اس میچ کا نہ ہونا یقینا مایوس کن ہے لیکن ایک بات یہ بھی ہے کہ اس سیریز میں ہمارے پاس کئی مثبت پہلو ہیں۔ ہم نے پہلے دو میچ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی ہے ۔ اس سیریز میں میں اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کر رہا تھا اور جو بھی غلطیاں میں کرتا ہوں اسے درست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ہم انگلینڈ میں جو ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہے ہیں اسے جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ میں بلے بازی سے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS