نئی دہلی: (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ حج سبسڈی کے خاتمے کے باوجود عازمین حج پر مالی بوجھ نہ پڑنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حج سبسڈی کے زور پر دہائیوں سے سیاسی فریب جاری تھا ۔پیر کو یہاں حج 2022 کے لیے حج کوآرڈینیٹرز، حج اسسٹنٹ وغیرہ کے دو روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ مودی حکومت نے “ایمانداری” کے ساتھ “سبسڈی کی سیاسی دھوکہ دہی” کو ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں حج کے پورے عمل میں کی گئی اہم اصلاحات کی وجہ سے جہاں ایک طرف حج کا عمل شفاف ہوا ہے وہیں دوسری طرف حج پر جانے والے عازمین پر غیر ضروری مالی بوجھ سے بچنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کے پورے عمل کو صد فیصد ڈیجیٹل؍آن لائن بنا کر ہندوستانی مسلمانوں کا “ایز آف ڈوئنگ حج” کا خواب پورا ہو گیا ہے۔ ڈیجیٹل؍آن لائن حج “ڈیجیٹل انڈیا” کی بہترین مثالوں میں سے ایک ہے۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ حج 2022 لوگوں کی صحت، حفاظت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اہم اصلاحات کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ حج 2022 کا پورا عمل اہلیت، عمر، صحت کے معیار اور دیگر ضروری کورونا رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے جیسا کہ حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب نے فیصلہ کیا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت نے حج نظام میں کئی بڑی اصلاحات کی ہیں، جن میں حج سبسڈی کی دہائیوں پرانی “سیاسی چالوں” کو ختم کرنا، خواتین کو “محرم” (مرد رشتہ داروں) کے ساتھ ہی حج کرنے کی بندش کو ختم کرنا شامل ہے۔ (جس کی وجہ سے تین ہزار سے زائد مسلم خواتین بغیر محرم کے حج ادا کر چکی ہیں اور 2000 کے قریب خواتین حج 2022 میں بھی بغیر محرم کے جا رہی ہیں۔)
مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان سے 79 ہزار 237 مسلمان حج 2022 پر جائیں گے۔ ان میں سے تقریباً 50 فیصد خواتین ہیں۔ ان 56 ہزار 601 عازمین حج میں سے حج کمیٹی آف انڈیا اور 22 ہزار 636 عازمین حج 2022 کے لیے حج گروپ آرگنائزرز (ایچ جی او)کے ذریعے جائیں گے۔ ایچ جی او کے پورے عمل کو بھی شفاف اور آن لائن بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج 2022 کے لیے عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے 10 ایمبیکیشن پوائنٹس سے جائیں گے- احمد آباد، بنگلورو، کوچی، دہلی، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی اور سری نگر۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان سے حج پروازیں 31 مئی سے شروع ہو رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 31 مئی سے بنگلورو، کوچی، دہلی، گوہاٹی، لکھنؤ اور سری نگر سے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں 17 جون سے عازمین حج احمد آباد، حیدرآباد، کولکتہ اور ممبئی سے روانہ ہوں گے۔
حج 2022 پر جانے والے عازمین حج کی مدد کے لیے سعودی عرب میں 357 حج کوآرڈینیٹرز، اسسٹنٹ حج آفیسرز، حج اسسٹنٹ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس وغیرہ کا تقرر کیا گیا ہے۔ ان میں چار حج کوآرڈینیٹر، 33 اسسٹنٹ حج آفیسرز، 143 حج اسسٹنٹ، 73 ڈاکٹرز، 104 پیرا میڈیکس شامل ہیں۔ ان میں 49 خواتین بھی شامل ہیں۔
مودی حکومت نے “سبسڈی کے سیاسی فریب” کو “ایمانداری” کے ساتھ ختم کیا: مختار عباس نقوی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS