حیدرآباد کی ممبئی پر3 رن سے سنسنی خیز جیت

0

ممبئی(یو این آئی) راہل ترپاٹھی (76) پریم گرگ (42) اور نکولس پورن (38) کی شاندار اننگز اور تیز گیند باز عمران ملک( 22 رن پر3 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل مقابلے میں منگل کو محض تین رنز سے شکست دے کر اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔ٹاس ہارنے کے بعد حیدرآباد نے20اوور میں چھ وکٹ پر 193 کا مضبوط اسکور بنایا اور پھر ممبئی کو 20 اوور میں سات وکٹ پر 190 تک محدود کردیا۔ حیدرآباد کی 13 میچوں میں یہ چھٹی جیت ہے اور اس کے 12 پوائنٹس ہیں۔ حیدرآباد کا ایک میچ باقی ہے ۔ حیدرآباد کو پلے آف کی امیدوں کے لیے اپنا آخری میچ جیتنا ہوگا اور دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔روہت اور ایشان کشن نے ممبئی کو 10.4 اوور میں 95 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ روہت جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے آخر کار بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آف اسپنر واشنگٹن سندر کی گیند پر متبادل کھلاڑی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ روہت نے 36 گیندوں پر 48 رن میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ ممبئی ابھی اس دھچکے سے سنبھل بھی نہیں پایا تھا کہ جمے ہوئے بلے باز ایشان کشن تیز گیند باز عمران ملک کی گیند پر پریام گرگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ کشن نے 34 گیندوں پر 43 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ملک نے اپنی رفتار سے تلک ورما کو زیر کیا۔ تلک نے گیند کو اونچا کھیلا اور ولیمسن نے ایک آسان کیچ لیا۔ تلک نے آٹھ رن بنائے اور ممبئی کا تیسرا وکٹ 123 پر گرا۔ ملک نے ڈینیل سمس کو بھی اپنا شکار بنایا۔ سامس 11 گیندوں میں 15 رنز بنانے کے بعد چوتھے بلے باز کے طور پر 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ یہ ملک کی اننگز کی تیسری وکٹ تھی۔ٹم ڈیوڈ نے آتے ہی دو چوکے لگائے ۔اب ممبئی کو آخری چار اوور میں 54 رنز درکار تھے ۔ ٹرسٹن اسٹبس دو رنز بنا کر نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہوئے ۔ ممبئی کو آخری تین اووروں میں 45 رنز درکار تھے ۔ ڈیوڈ نے ٹی نٹراجن کے اگلے اوور میں چار چھکے لگائے ۔ لیکن ڈیوڈ آخری گیند پر سنگل لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے ۔ ممبئی کا چھٹا وکٹ 175 کے اسکور پر گرا۔ڈیوڈ نے 18 گیندوں پر 46 رنز میں تین چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ ڈیوڈ کا آؤٹ ہونا ممبئی کے لیے بڑا دھچکا تھا۔ بھونیشور کمار کے اگلے اوور میں سنجے یادو کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے ۔ بھونیشور نے یہ اوور میڈن ڈالا اور ایک وکٹ حاصل کی۔رمندیپ سنگھ نے آخری اوور میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا لیکن ٹیم تین رنز سے دور تھی۔ رمندیپ 14 پر ناٹ آؤٹ رہے ۔اس سے پہلے حیدرآباد کی شروعات خراب رہی لیکن اسے نوجوان پریم گرگ اور راہل ترپاٹھی نے سنبھالا۔ دونوں نے عمدہ اننگز کھیلی اور بعد میں نکولس پورن نے بھی اپنے ہاتھ کھولے ۔ یہ تینوں کھلاڑی جس طرح کھیل رہے تھے اس سے 200 کا اسکور ممکن نظر آ رہا تھا۔ لیکن ممبئی کے گیند بازوں خاص کر رمندیپ سنگھ نے اچھی گیند بازی کی اور انہیں 193 تک محدود کر دیا۔ پریم گرگ نے کہا کہ ان کی ٹیم 10 سے 15 رنز سے کم ہو گئی۔ حالانکہ ان کا ماننا ہے کہ اس سست وکٹ پر یہ ایک اچھا اسکور ہے ۔راہل نے 44 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 76 رن بنائے جبکہ گرگ نے 26 گیندوں پر 42 رن میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے اور پورن نے 22 گیندوں پر 38 رن میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ ممبئی کی جانب سے رمندیپ سنگھ نے صرف 20 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔اس جیت کے ساتھ سن رائزرز نے اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔ تاہم انہیں دوسرے میچوں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔ آج ممبئی نے صحیح آغاز کیا، لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ سکے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS