کھلے میں کچرا جلانے پر پابندی لگانے کے پیش نظر دہلی سرکار کا فیصلہ
نئی دہلی (ایس این بی) :دہلی سرکار نے جمعرات کو فضائی آلودگی کو روکنے کے لیے کھلے میں کچرا جلانے پر پابندی لگانے کی اپنی مہم کو 13 جون تک بڑھا دیا۔ یہ مہم 12 اپریل کو شروع کی گئی تھی اور آج 12 مئی (جمعرات) کو ختم ہونا تھی۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ اس مہم کے تحت شہر میں کل 5,241 مقامات اور تقریباً 442 لینڈ فل سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔ دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی نے اب تک 23 افراد اور تنظیموں کو اس کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا ہے۔ شہر میں کچرے کو کھلے عام جلانے سے روکنے کے لیے10 محکموں نے تقریباً 500 ٹیمیں تعینات کی ہیں جو دہلی میں چوبیس گھنٹے کھلے میں آگ جلانے کے واقعات کی نگرانی اور روک تھام کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایم سی ڈی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لینڈ فل سائٹ پر آگ لگنے کے واقعات پر قابو پانے کے لیے تمام مناسب اقدامات کرے۔
اس موقع پر گوپال رائے نے کہا کہ گرین دہلی ایپ نے اینٹی اوپن برننگ سے متعلق شکایتوں کو دور کرنے میں بھی بہت تعاون کیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ 374 شکایتوں میں سے تقریباً 347 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعہ اب تک حکومت دہلی میں کھلے عام جلانے کے واقعات پر قابو پانے اور سخت کارروائی کرنے میں کامیاب رہی ہے اور یہ مہم دہلی کے ماحول کی بہتری اور آلودگی پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
فضائی آلودگی مخالف مہم 13جون تک جاری رہے گی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS