سری نگر: (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ میں سولہ گھنٹوں کے دوران چار غیر مقامی شہریوں پر فائرنگ کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ضلع کے قرب و جوار بالخصوص حساس چوکوں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ پلوامہ میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ پلوامہ میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی کرنے کے بعد انہیں دیوار کے ساتھ کھڑا کر کے مشین سے ان کے جسم کو بھی چیک کرتے تھے۔ موصوف نامہ نگار نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر ان کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے۔
ذرائع نے بتایاکہ جنوبی کشمیر کے دیگر تین اضلاع شوپیاں ، اننت ناگ اور کولگام میں بھی سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز میں شدت لانے کے بھی احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چار غیر مقامی شہریوں پر فائرنگ کے بعد ضلع پلوامہ میں سیکورٹی صورتحال کا بھی از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ جنگجووں اور اُن کے مدد گاروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
پلوامہ : ضلع بھر میں سیکورٹی بندوبست سخت، چپے چپے پر حفاظتی عملے کی تعیناتی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS