فرخ آباد کا نام ’پانچال نگر‘کرنے کا مطالبہ

0

بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھا خط
لکھنؤ (پی ٹی آئی) : اترپردیش کی فرخ آباد لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ مکیش راجپوت نے جمعہ کو وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر فرخ آباد کا نام بدل کر ’پانچال نگر‘ رکھنے کا مطالبہ کیا۔ راجپوت نے وزیراعلیٰ کو لکھے خط میں کہا ہے کہ ’فرخ آباد کی تاریخ پورانک زمانے سے ہی بیحد خوشحال ہے۔ ماضی میں فرخ آباد کو پانچال علاقہ کہا جاتاتھا اور یہ شہر پانچال ریاست کی راجدھانی ہوا کرتا تھا‘۔انہوں نے لکھا ہے کہ ’ فرخ آباد میں واقع کمپل کی ہندی اور جین دونوں ہی مذہبوں کے پیروکاروں کے درمیان خاصی اہمیت ہے۔یہاں واقع بودھ مذہب کے تیرتھ سنکسا میں سری لنکا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ،میانمار اور جاپان وغیرہ ممالک کے بودھ وہار بھی بنے ہوئے ہیں‘۔ راجپوت نے کہاکہ 1714 میں مغل حکمراں فرخ سیرنے ہندوستانی پورانک ثقافت کو تباہ کرنے کے مقصد سے اس تاریخی شہر کا نام بدل کر اپنے نام پر فرخ آباد کردیاتھا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے خط میں وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ ہندوستانی ثقافت کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے فرخ آباد کا نام بدل کر پانچال نگر کردیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS