مصطفی آبادکے حراپبلک اسکول کا سالانہ جلسہ سے مقررین کا اظہار خیال، طلبا و طالبات میں توصیفی اسناد تقسیم
محمد یامین
نئی دہلی( ایس این بی) : مصطفی آبادکے حراپبلک اسکول کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت ممتازصادق و نظامت معروف شاعر دانش ایوبی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی کے طور پر حاجی محمد خوشنود،صوفیہ خان سیفی، شفیع دہلوی اورمقامی آپ لیڈرماسٹر شیر محمد نے بطور خاص شرکت کی۔اس موقع پرسرکردے شخصیات میں شفیع دہلوی ،حاجی محمد خوشنود اور پرنسپل ناظمہ خاتون کے ہاتھوں چھ ہزار دوکلو میٹر کی دوڑ کرکے نمایاں مقام حاصل کرنے والی صوفیہ خان سیفی کو اسکول کی طرف سے ایوارڈ دیا گیا۔علاوہ ازیں نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے550طلبا وطالبات میں اول پوزیشن کے13، دوم پوزیشن کے 11اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے11بچے توصیفی اسناد اور مونٹوں سے سرفراز کیے گئے جس سے بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔منعقدہ پروقار تقریب میں طلبا وطالبات نے اسلام کے مختلف موضوعات پرتقاریر کرکے اور سوالات کے صحیح جوابات دے کر انعام حاصل کیاجبکہ اسکول اساتذہ میں پرنسپل ناظمہ خاتون ، خوشبو، سارا، گلناز،حنا، عرشی، شبینہ ،علما،بشریٰ،مبشرہ اور صادقہ کوبھی ان کی محنت ولگن و اچھی کارکردگی کے نتیجہ میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔حاجی محمد خوشنود نے کہا کہ اچھی کارکردگی کے نتیجہ میں جن بچوں کو انعامات سے نوازہ جاتا ہے ان میں مزید محنت ولگن سے تعلیم کی حصولیابی کا جذبہ جنم لیتا ہے جس کے مد نظر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے تاکہ ان میں مزید محنت ولگن کا جذبہ پیدا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ مصطفی آباد علاقہ میں سرکاری سطح پر تعلیمی اداروں کا فقدان ہونے پر پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جس کے مد نظر صاحب ثروت لوگوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے قیام پر خاص توجہ دیں اور جب مسلم علاقوں میں تعلیمی ادارے ہوں گے توپھر مسلمانوں میں تعلیم کاعام ہونا یقینی ہے۔شفیع دہلوی نے کہا کہ اصحاب حیثیت کو چاہئے کہ وہ فـضول خرچی سے اجتناب کر کے مسلم معاشرہ میں تعلیم عام کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں ۔ یہ تبھی ممکن ہے کہ جب مسلم علاقوں میں معیاری تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لا یا جائے تاکہ مسلم سماج تعلیم کو ہتھیار بناسکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو قوم تعلیم یافتہ ہوتی ہے وہی ترقی کرتی ہے اور مسلم سماج کی پسماندگی کی اہم وجہ ان میں تعلیم کا فقدان ہے جبکہ اس ترقیاتی دور میں کامیاب زندگی کیلئے تعلیم یافتہ ہونا بیحد ضروری ہے۔ اسکول کی پرنسپل ناظمہ خاتون نے کہا کہ اسکول انگلش میڈیم ہونے کے باوجود اسلامی تعلیم کا معقول نظم ہے جس کے تحت جو بچے عصری تعلیم حاصل کرتے ہیں ان کیلئے اسلامی تعلیم کی حصولیابی بیحد ـضروری ہے ۔اس موقع پرمولانا قاری محمد ارشاد قاسمی، مفتی ثاقب قاسمی،ماسٹر سلیم سیفی، وکیل احمد سیفی،محمد ندیم وحاجی نعیم ملک سمیت درجنوں مقامی لوگوں اور بچوں کے والدین موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS