کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں انتخابی شکست کے اسباب پرغور،پھر ہوگی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ اور ’چنتن شیور‘
نئی دہلی (ایجنسیاں) : کانگریس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) میں پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو متفقہ طورپر تنظیمی انتخابات تک پارٹی کی قیادت کا حق دیتے ہوئے ان سے پارٹی کو درپیش سیاسی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلسل کام کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔پارٹی نے کہاکہ وہ آئندہ سیاسی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے بعد ’چنتن شیور‘ کا انعقاد کریں گی اور اس سے پہلے اسی مہینہ کے آخر تک ورکنگ کمیٹی کی ایک اور میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں پارٹی کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔ پارٹی کو آئندہ انتخابات میں کس طرح کی حکمت عملی اختیار کرنی ہے، اس بارے میں چنتن شیور میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے تقریباً ساڑھے چار گھنٹے چلی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میٹنگ میں کانگریس کی قیادت پر بات چیت ہوئی، جس میں تمام نے متفقہ طورپر محترمہ سونیا گاندھی سے پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری ادا کرتے رہنے کی درخواست کی۔ جب تک پارٹی میں تنظیمی انتخابات نہیں ہوتے ہیں، وہ اس عہدہ پر برقرار رہیں گی اور کانگریس کی قیادت کرتی رہیں گی۔
سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں سونیاگاندھی کے علاوہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، سینئر رہنما غلام نبی آزاد، آنند شرما، ملک ارجن کھڑگے، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت اور کئی دیگر لیڈر شامل ہوئے، جبکہ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کیرالہ کے سابق وزیراعلیٰ اے کے انٹونی خرابی صحت کی وجہ سے میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔بعض رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کی صدر سونیاگاندھی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا تھا کہ اگر پارٹی محسوس کرتی ہے کہ گاندھی کنبے کی وجہ سے کانگریس کمزور ہورہی ہے تو ہم (سونیاگاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی) عہدہ سے استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں،لیکن پارٹی کے لیڈروں نے انہیں پر بھروسہ کیا اور قیادت سنبھالنے کی درخواست کی۔ میٹنگ میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں کراری شکست کے اسباب اور آگے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔اس پر مزید غوروخوض آگے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ اور’ چنتن شیور‘ میں کیا جائے گا۔
سونیا گاندھی بنی رہیں گی کانگریس کی صدر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS